سرینگر///
جموں و کشمیر پردیش کانگریس پارٹی کے صدر وقار سوال وانی نے کہا کہ پارٹی میں سب کچھ ٹھیک ہے اور کسی بھی کانگریس رہنما نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفی نہیں دیا ہے البتہ چند رہنماؤں نے پارٹی کمیٹیوں سے اپنا استعفیٰ پیش کیا ہے۔
جموں کشمیر یونٹ کے نومنتخب صدر نے کہا کہ بہ حیثیت صدر وہ ریاستی کانگریس کمیٹی کو تمام سینئر رہنماؤں کے تعاون سے مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔ ’’پارٹی ہائی کمان نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ان کو جو ذمہ داری دی گئی ہے، وہ اس پر کھرا اترنے کی کوشش کریں گے‘‘۔
وانی نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں واقع ریاستی کانگریس کمیٹی کے مرکزی دفتر میں آنجہانی راجیو گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر کیا۔
ریاستی یونت کے صدر نے کہا کہ پارٹی میں سب کچھ ٹھیک ہے اور کسی بھی کانگریس رہنما نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔ البتہ چند رہنماؤں نے پارٹی کمیٹیوں سے اپنا استعفیٰ پیش کیا ہے۔
وانی نے کہا کہ جموں و کشمیر کانگریس کے سبھی رہنماؤں کے سے بات چیت کر کے تمام گلے شکوے اور معاملات کو سلجھایا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پردیش کانگریس کے سبھی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے اور اگر ایسے میں کسی بھی کارکن یا کسی بھی رہنما کی کوئی شکایت ہوگی تو جموں و کشمیر کی انچارج رجنی پاٹل کے ساتھ مل بیٹھ کر معاملات کو سجھایا جائے گا۔
اس موقع پر جموں و کشمیر کی انچارج رجنی پاٹل نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے ہی کی جانب سے غیر مقامی باشندوں کو ووٹر فہرست میں شامل کرنے اور ووٹ دینے کا حق فراہم کرنے کے خلاف کانگریس پی آئی ایل دائرے کرے گی جب کہ انتخابی ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھی کانگریس مفاد عامہ درخواست دائر کرنے جا رہی ہے۔
پاٹل نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں کانگریس شرکت کرنے جارہی ہے، جس میں اس معاملے کے تعلق سے تفصیل سے بات کر کے آئندہ کا لاحہ عمل طے کیا جائے گا۔
واضح رہے آج سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی سالگرہ منائی جارہی ہے۔ اس حوالے سے کانگریس پارٹی دفتر میں انہیں شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔