سرینگر/20 اگست
اینٹی کورپشن بیورو (اے سی بی) نے ہفتے کے روز میونسپل کارپوریشن سرینگر (ایس ایم سی) کے ایک وارڈ افسر کو بیس ہزار روپیے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
ایجنسی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اے سی بی کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ ایس ایم سی حول کا وارڈ افسر شکایت کنندہ کو ایک تعمیری ڈھانچہ کھڑا کرنے کی اجازت دینے کے لئے پچاس ہزار روپیے رشوت طلب کر رہا ہے ۔
اے سی بی نے کہا کہ شکایت کنندہ نے وارڈ افسر سے انصاف کرنے کی گذارش کی لیکن وہ اپنے رشوت کے مطالبے پر بضد رہا۔
بیان میں کہا گیا”مذکورہ افسر نے شکایت کنندہ سے بیس ہزار روپیے بطور پہلی قسط ادا کرنے کو کہا تاہم افسر کو رشوت کی پہلی قسط دینے سے پہلے اس نے اے سی بی کے ساتھ رابطہ کیا تاکہ اس کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جاسکے “۔
بیان کے مطابق شکایت موصول ہونے پر ایک ایف آئی آر درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔
اے سی بی بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جال بچھا کر ملزم محمد مقبول بٹ ولد علی محمد بٹ ساکن ایچ ایم ٹی سری نگر، وارڈ افسر حول سری نگر کو شکایت کنندہ سے بیس ہزار روپیوں کی پہلی قسط بطور رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
بیان کے مطابق مذکورہ افسر کو موقعے پر ہی گرفتار کیا گیا اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں اس کی تحویل سے رشوت کی رقم ضبط کی گئی۔انہوں نے بیان میں کہا کہ بعد ازاں ملزم سے متعلق کئی مقامات پر تلاشی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔