جودھ پور//
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے ہم وطنوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حد تک جانا پڑے ہندوستان کی آن، بان، شان، عزت اوراحترام پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
سنگھ آج جودھ پور ضلع کے سالوا کلاں میں ہمت، بہادری اور عقیدت کی علامت ویر درگا داس راٹھور کے مجسمے کی نقاب کشائی کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
سنگھ نے کہا کہ بہت سے لوگ غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ چین نے یہ کردیا، وہ کردیا، سرحدوں کی حفاظت کیسے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی باتیں کرنے والی سیاسی جماعتوں کو جہاں ملک کی عزت واحترام کی بات آتی ہے وہاں سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کوئی بھی سیاستدان سرحد پر جا کر سرحدوں کی حفاظت نہیں کرتا، ان ماؤں کی کوکھ سے جنم لینے والے ان سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں اور موقع آنے پر وہ اپنی جان قربان کردینے میں بھی پیچھے نہیں ہٹتے اورملک کی سرحد میں کسی کو گھسنے نہیں دیتے۔
سنگھ نے ویر درگاداس کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اقتدار بنانے کے لیے نہیں کی جاتی، سیاست سماج اور ملک کی تعمیر کے لیے کی جاتی ہے۔
وزیر دفاع نے وزیر اعظم نریندر مودی کے سینے کو۵۶؍ انچ چوڑا بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی عزت کا پورا خیال رکھا اور اس پرکبھی آنچ نہیں آنے دی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ملک کا سیکورٹی سرکل اتنا مضبوط نہیں تھا لیکن آج سیکورٹی کا دائرہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے اور ہندوستان کا شمار کمزور ممالک میں نہیں، طاقتور ممالک میں ہوتا ہے۔