سرینگر//
جنوبی ضلع اسلام آباد کے بجبہاڑہ علاقے میں جمعے کے روز مشتبہ ملی ٹینٹوں نے سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اُس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کے کیر کدل بجبہاڑہ کے نزدیک جمعے کے روز جنگجوؤں نے ایس پی او غلام قادر پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گر پڑا۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی ایس پی او کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر اُس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پا س علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ۔
بتادیں کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں وکشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر جموں وکشمیر میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
دریں اثنا شمالی ضلع بانڈی پورہ کے سادنارہ اجس گاؤں میں مشتبہ جنگجوؤں نے ایک غیر مقامی مزدور کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ درمیانی شب کو ساد نارہ اجس میں مشتبہ جنگجو ؤں نے ایک کمسن غیر مقامی مزدور پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ خون میں لت پت ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمی مزدور کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت۱۹سالہ محمد امریز ولد محمد جلیل ساکن بہار کے بطور ہو ئی ہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن چلایا لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقاتا شروع کی۔
دریں اثنا جاں بحق غیر مقامی مزدور کے بھائی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ رات بارہ بجکر۲۰منٹ پر سادنارہ حاجن میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں جس وجہ سے ہم نیند سے بیدار ہوئے اور میں نے کمرے میں اپنے بھائی کو نہیں پایا۔
انہوں نے کہاکہ مجھے لگاکہ شاید میرابھائی باتھ روم گیا ہے لیکن جب کافی دیر تک وہ واپس نہیں آیا تو میں کمرے سے باہر آیا اور اپنے بھائی کی تلاش شروع کی۔
اُن کے مطابق کچھ دوری پر ہی میں نے اپنے بھائی کی گولیوں سے چھلنی لاش دیکھی اور فوری طورپر سیکورٹی فورسز کو اس بارے میں جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر چہ بھائی کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم اُس کی پہلے ہی موت واقع ہوئی تھی۔