نئی دہلی//
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں‘لوک سبھا اور راجیہ سبھاکا مانسون اجلاس آج مقررہ وقت سے چار روز پہلے ہی ملتوی کر دیا گیا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں توانائی کے تحفظ کا بل اور بجلی کے تحفظ کا بل پاس ہونے کے بعد تقریباً ۳۷:۵پر۱۷ویں لوک سبھا کے نویں اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
اس سیشن میں ایوان کی پیداواری شرح۴۸فیصد رہی جو ۱۷ویں لوک سبھا کے نو اجلاسوں میں سب سے کم ہے ۔
اوم برلا نے اپنے خطاب میں۱۸جولائی کو چار نئے اراکین کی حلف برداری اور رخصت ہونے والے صدر رام ناتھ کووند کی ریٹائرمنٹ اور ملک کی پہلی قبائلی خاتون صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے عہدہ سنبھالنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اسپیکر نے کہا کہ مانسون اجلاس میں کل ۱۶ نشستیں ہوئیں جن کا دورانیہ۴۴گھنٹے۲۹منٹ کا تھا۔ موجودہ مانسون اجلاس میں لوک سبھا کی پیداواری شرح۴۸فیصد رہی۔ اس سیشن کے دوران لوک سبھا میں اہم قانون سازی اور دیگر کام انجام پائے ۔ اس اجلاس کے دوران۶سرکاری بل پیش کیے گئے اور کل۷بل منظور کیے گئے ۔
ادھرراجیہ سبھا کی بھی کارروائی مانسون اجلاس کی مقررہ مدت سے چار روز قبل پیر کے روز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
ایوان بالا میں سینٹرل یونیورسٹیز ترمیمی بل ۲۰۲۲منظور ہوتے ہی چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔مانسون سیشن۱۸جولائی کو شروع ہوا تھا اور۱۲؍اگست کو ختم ہونا تھا، اسے چار روز پہلے ہی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ صدر جمہوریہ اور نائب صدر کا انتخاب بھی مانسون اجلاس کے دوران ہی ہوا۔
مانسون اجلاس کے دوران، مہنگائی اور دیگر مسائل پر حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان تعطل کی وجہ سے ایوان بالا کی کارروائی دو ہفتوں سے زیادہ وقت تک ٹھیک طریقے سے نہیں چل سکی۔ بالآخر حکومت کو مہنگائی پر بحث کرنی پڑی۔ اس کے علاوہ ایوان میں کووڈ۱۹کی وجہ سے پیدا ہونے والے اثرات پر توجہ دلانے کی تحریک پر بھی بحث کی گئی۔
اس بار ایوان بالا میں ایک ناخوشگوار واقعہ ہوا جس میں ہنگامہ کرنے پر اپوزیشن کے۲۳ارکان کو ایوان سے معطل کر دیا گیا۔ یہ شاید پہلا موقع ہے کہ ایک ہی اجلاس میں اتنی بڑی تعداد میں ارکان پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا۔
اس سے قبل آج صبح‘ چیئرمین کے طور پر نائیڈو کی میعاد ختم ہونے سے قبل ارکان نے ایوان میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریریں کیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مسٹر نائیڈو کو الوداع کہا ۔ نائیڈو کی میعاد بدھ کے روز ختم ہو رہی ہے ۔