جموں//
جموں کشمیر کے ضلع ریاسی میں مشہور شیو کھوری درگاہ کے قریب ایک پہاڑی سے پتھر کی زد میں آنے سے دو یاتریوں کی موت ہو گئی اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ زائرین غار کی زیارت کے راستے میں ایک قطار میں کھڑے تھے کہ پونی بلاک کے رانسو علاقے میں سہ پہر تین بجے کے قریب وہ لڑھکتے ہوئے پتھر کے نیچے آگئے۔
اہلکار نے بتایا کہ دو یاتری‘ اتر پردیش کے گورکھپور کے سرونت سہانی (۴۵) اور جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے خواس گاؤں کے نرمل سنگھ (۱۸) ہلاک ہوگئے جبکہ سہانی کے چھوٹے بھائی‘ صاحب سہانی (۳۲) زخمی ہوئے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
شیو کھوری، بھگوان شیو کے لیے وقف ایک مشہور عبادت گاہ ہے اور جموں سے تقریباً ۱۴۰ کلومیٹر شمال میں پہاڑیوں کے درمیان واقع ہے، سال بھر ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند آتے ہیں۔
دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے ریاسی ضلع کے شیو کھوری میں پتھر گرنے کے المناک واقعہ میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔
زخمیوں کو۵۰ /۵۰ ہزار روپے دئیے جائیں گے اور یو ٹی حکومت ان کے علاج کا خرچ برداشت کرے گی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ناخوشگوار واقعہ کے دوران جانوں کے زیاّں پر دُکھ کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ سوگوار خاندانوں کو ہر طرح کی ضروری مدد فراہم کرے اور زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنائے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ شیو کھوری میں ایک المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے زیاّں پر دُکھی ہوں سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں ۔‘‘