سرینگر//
پولیس کاکہناہے کہ ہفتہ کو کشمیر کے بڈگام ضلع میں ایک دھماکہ ہوا۔واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ وسطی کشمیر ضلع کے کرالپورہ علاقے کے باشندوں نے صبح ایک اونچی آواز سنی جہاں اقلیتی برادری کے کچھ خاندان بھی رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔
اہلکار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ عمارت کے سامان یا اسکریپ میں کوئی نہ پھٹا پرانا شیل پھٹا ہو گا جس کی وجہ سے تیز آواز آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس دوران سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کی شام پونچھ ضلع کے سرنکوٹ کے کلر کٹل گاؤں میں پانی کے ایک چینل سے ایک دستی بم برآمد کیا۔
حکام نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے کلر کٹل گاؤں میں پانی کے نالے میں ایک پرانا ہینڈ گرنیڈ پڑا ہوا دیکھا، جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی سورنکوٹ سے ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
’’بعد ازاں، فوج کا بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فوج کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں‘‘۔
حکام کا کہنا تھا کہ دستی بم قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اسے بی ڈی ایس کنٹرولڈ میکانزم کے ذریعے تباہ کر دیاگیا۔