نئی دہلی// 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے ساتھ ہی ہندوستان میں 5 جی سروس کا راستہ صاف ہو گیا ہے ۔ تمام 22 ٹیلی کام سرکلس میں پریمیئم 700 میگا ہرٹز بینڈ میں 5 جی سپیکٹرم خریدنے والا جیو واحد آپریٹر ہے ۔ 5 جی کے لیے بہترین سمجھے جانے والے اس بینڈ پر سبھی آپریٹرز کی نظر تھی۔ لیکن اس پریمیم 700 میگاہرٹز بینڈ کے نام کے ساتھ جیو نے 5 جی ریس میں ابتدائی برتری حاصل کر لی ہے ۔
دنیا بھر میں 700 میگاہرٹز بینڈ 5 جی کے لیے غالب بینڈ کے طور پر استعمال ہو رہا ہے ۔ یہاں تک کہ امریکہ اور یورپی یونین نے بھی اسے 5 جی سروس کے لیے ‘ پریمیم بینڈ’ قرار دیا ہے ۔ دنیا بھر میں اس بینڈ کی مقبولیت کی بہت سی وجوہات ہیں۔
ٹیلی کام اسیکٹر پر نظر رکھنے والے روہن دھمیجا، 700 میگاہرٹز کو اس کی مقبولیت کی بنیادی وجہ کے طور پر اس کی اعلیٰ انڈور اور آؤٹ ڈور کوریج کو مانتے ہیں۔ اس کے کم فریکوئنسی بینڈ کی وجہ سے ، اس کے سگنل عمارتوں کے اندر کہیں بھی گھس سکتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ یہ انڈور کوریج کے لحاظ سے بہترین ہے ۔ اس لیے 700 میگا ہرٹز بینڈ کو گنجان آبادی والے علاقوں اور ڈیٹا کی بھاری کھپت والے علاقوں کے لیے مثالی سمجھا جاتا ہے ۔
ایک اور وجہ اس کی طویل بیرونی کوریج ہے ۔ 700 میگاہرٹز بینڈ میں ایک ٹاور 10 کلومیٹر تک کوریج فراہم کر سکتا ہے ۔ اس کی کوریج کی وجہ سے آپریٹر کو کم ٹاورز لگانے پڑتے ہیں جس سے آپریٹنگ لاگت کم ہوتی ہے ۔ لہذا، مہنگا ہونے کے باوجود، یہ بینڈ سستی 5 جی خدمات کے لیے موزوں ہے ۔
ہندوستان جیسے ملک میں جہاں بڑی تعداد اب بھی دیہاتوں میں رہتی ہے ، 700 میگا ہرٹز بینڈ کی وسیع کوریج دیہی ہندوستان کو جوڑنے میں مدد دے سکتی ہے ۔ یعنی 5 جی صرف شہروں تک محدود نہیں رہے گا۔ اس کا فائدہ دیہات تک بھی پہنچنا یقینی ہے ۔ مواصلات کے وزیر اشونی ویشنو نے بھی کہا تھا کہ 700 میگا ہرٹز بینڈ دور دراز کے دیہی اور گنجان علاقوں میں رابطہ فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔
تیسرا اور سب سے اہم ڈیٹا ٹریفک ہینڈلنگ میں اس کی مہارت ہے ۔ یہ بینڈ اسٹینڈ اسٹون 5 جی نیٹ ورکس کو سپورٹ کرتا ہے ۔ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ 700 میگا ہرٹز بینڈ 1800 میگا ہرٹز سے 5 گنا زیادہ موثر اور 900 میگا ہرٹز سے دوگنا موثر ہے ۔ 26 گیگا ہرٹزہائی فریکوئنسی ملی میٹر بینڈ کی رفتار توتیز ہے لیکن اس کی کوریج بہت محدود ہے ۔ نیز، 2100 میگاہرٹز کے مقابلے میں 700 میگا ہرٹز میں براڈ بینڈ خدمات فراہم کرنا سستا ہے ۔