بسیتیرے// ویسٹ انڈیز نے آسان دکھ رہے 138 رنز کے ہدف کو فی الحال مشکل بنا دیا۔ تاہم نوجوان بولر اویش خان آخری اوور میں 10 رنز نہ بچا سکے جس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے آسان فتح حاصل ہوئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے سیریز 1-1 سے برابر کرلی۔
ویسٹ انڈیز کو ایک موقع پر 72 گیندوں پر 75 رنز درکار تھے اور ان کی صرف ایک وکٹ گری تھی۔ اس آسان پوزیشن سے وہ مشکل مرحلے میں پہنچ گئے اور ایک وقت ایسا آیا کہ اسے 18 گیندوں پر 27 رنز درکار تھے۔
انہیں آخری اوور میں 10 رنز درکار تھے۔ تاہم آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر اویش نے نو بال کی اور ڈیون تھامس نے فری ہٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھکا لگایا۔
نکولس پورن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اپنے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے اوبید مکاؤ نے تیز گیند بازی کی۔ انہوں نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر ہندوستانی کپتان روہت شرما کو پویلین بھیج دیا اور اس کے بعد اپنے دوسرے اوور میں سوریہ کمار یادو کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے اپنے اسپیل میں 17 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپننگ کرنے آئے برینڈن کنگ نے 52 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچنے میں مدد فراہم کی۔
ہندوستان نے ایک پوزیشن پر 14 اوورز کے بعد 104 رنز بنائے تھے اور صرف چار ہی وکٹیں گری تھیں۔ اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم 20 اوورز تک نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم چار گیندوں پہلے ہی آل آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستانی ٹیم نے آخری سات اوور میں صرف 37 رنز بنائے۔