نئی دہلی// بی سی سی آئی کے صدر اور ہندوستان کے سابق کپتان سورو گنگولی سات سال بعد پیشہ ورانہ کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ لیجنڈز لیگ کرکٹ (ایل ایل سی) میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ گنگولی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کے ایک چیریٹی میچ میں کھیلیں گے، جو ہندوستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر کھیلا جائے گا۔
ایئن مورگن، وریندر سہواگ، متھیا مرلی دھرن، مصباح الحق، جونٹی رہوڈز، مشل جانسن، بریٹ لی، شین واٹسن، راس ٹیلر اور ڈیل اسٹین کے اس لیگ میں شرکت کا امکان ہے۔ اب تک کل ملاکر 53 نام یقینی ہوئے ہیں۔
ایل ایل سی کا دوسرا سیزن 17 ستمبر سے 8 اکتوبر تک ہندوستان کے پانچ شہروں دہلی، کولکتہ، لکھنؤ، جودھ پور اور کٹک یا راجکوٹ میں منعقد ہوگا۔ حکومت سے اجازت ملنے کے بعد پاکستانی کھلاڑی بھی اس لیگ میں کھیل سکیں گے۔
اس لیگ کا پہلا سیزن اس سال جنوری میں مسقط، عمان میں کھیلا گیا تھا۔ تب تین ٹیموں انڈیا مہاراجاس، ورلڈ جائنٹس اور ایشیا لائنز نے کل ملاکر سات میچ کھیلے تھے۔ لیگ کی ویب سائٹ کے مطابق ہندستانی خواتین کی فاسٹ باؤلر جھولن گوسوامی اور اداکار امیتابھ بچن کو اس لیگ کا برانڈ ایمبیسیڈر بنایا گیا ہے جب کہ روی شاستری اس لیگ کے کمشنر اور وسیم اکرم کونسل ممبر ہیں۔