لاہور //
پاکستانی ٹیم کے سابق کوچ و منیجر انتخاب عالم نے کا کہنا ہے کہ میں یس مین نہیں تھا ،شعیب اختر سمیت کئی کھلاڑیوں کو جرمانے کرچکا ہوں۔ ایک انٹرویو میں 80 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر ، کوچ و منیجر انتخاب عالم نے کہا کہ قومی ٹیم میں فکسنگ کے الزامات سے پریشان ہوا پھر تمام کھلاڑیوں سے قرآن پر حلف لیا سب نے کہا وہ فکسنگ نہیں کرتے ویسے بھی فکسنگ کا کوئی ثبوت نہیں تھا اور سارے الزامات جھوٹے تھے۔
انتخاب عالم نے کہا کہ ڈوپنگ سکینڈل میں شعیب اختر کو سزا دینے کے فیصلے کو آئی سی سی نے سراہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے چیئرمین پی سی بی نسیم اشرف نے ڈوپنگ سکینڈل میں شعیب اختر کے خلاف فیصلہ واپس لے کر غلط کیا تھا۔ شاہد آفریدی سے متعلق سوال پر انتخاب عالم نے کہا میں نے کافی وقت شاہد آفریدی کے ساتھ گزارا ہے وہ بہت زیادہ فعال رہتے ہیں ہیں جو غلط بات نہیں ہے اور یہ چیز ان کے کھیل میں بھی نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کے ساتھ تھوڑا بہت ڈسپلن کا مسئلہ تھا لیکن وہ بات سنتے اور عزت کرتے تھے۔ کھلاڑیوں پر کرفیو لگانے کے سوال پر انتخاب عالم نے کہا کہ اس لیے پابندی عائد کی جاتی تھی کے اگلے روز میچ ہے تو کھلاڑیوں کو 6 سے 8 گھنٹے سونا بھی چاہیے۔