نہیں صاحب، یہ الزام ہے اور اللہ میاں کی قسم، سو فیصد الزام ہے ……ایک جھوٹا الزام۔ اس لیے ہمارا الزام لگانے والوں سے صرف اتنا کہنا ہے کہ جناب! کچھ تو شرم کریں کہ کسی کو ناحق بدنام کرنے کا آپ کو کوئی حق نہیں ہے اور بالکل بھی نہیں ہے۔بدنام اپنے جموں و کشمیر کو کیا جا رہا ہے۔ یہ کہہ کر کیا جا رہا ہے کہ یہ …… یہ کسی کام کا نہیں ہے، ملک میں ہر ایک معاملے میں پیچھے ہی چلا جا رہا ہے اور سو فیصد چلا جا رہا ہے۔لیکن صاحب! ہم حلفاً بیان کرتے ہیں کہ ……کہ یہ ایک غلط اور بے ہودہ الزام ہے …… ایسا غلط الزام، جو سچائی اور حقیقت سے کوسوں دور ہے۔سچ تو یہ ہے کہ ہم آگے ہیں اور یہ بات ہم کسی مفروضے کی بنیاد پر نہیں بلکہ حقائق اور اعداد و شمار کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں۔ کہتے ہیں کہ نمبر اور ہندسے جھوٹ نہیں بولتے ہیں اور ہندسوں کے مطابق باقی ملک میں بے روزگاری کا جو اوسط تناسب ہے، ہمارے ہاں یہ تناسب دو گنا ہے …… ہم باقی ملک سے آگے ہیں ……وہ بھی دو گنا آگے ہیں۔اگر باقی ملک میں سو میں سے ایک بے روزگار ہے تو …… تو گھبرائیے مت، ہم پیچھے نہیں ہیں کہ یہاں سو میں سے دو بے روزگار ہیں …… ہیں نا ہم آگے؟اور ناحق کچھ لوگ بغیر کچھ سمجھے جموں و کشمیر کو ہر ایک شعبے میں پیچھے ہونے اور اسے پیچھے دھکیلنے کا الزام دیتے ہیں۔سچ کہوں تو اللہ میاں کی قسم، ہم کشمیریوں کی ایک بری عادت ہے۔ ہم ہر ایک بات کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہمہ وقت اس میں سازشی پہلو تلاش نکالنے کی کوشش میں ہوتے ہیں اور یوں کرتے کرتے ہمارا ڈی این اے ہی کچھ اس طرح کا بن گیا ہے کہ …… کہ ہم ماننے ……یہ ماننے کے لیے تیار ہی نہیں ہوتے ہیں کہ کوئی ہمارے لیے کچھ اچھا بھی سوچ سکتا ہے، کہہ سکتا ہے اور حقیقت میں اچھا کر سکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ …… کہ جب ہمارے ہاں بے روزگاری کی شرح قومی اوسط سے دو گنا زیادہ ہے تو …… تو ہم اس بات کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ یہ شک سے بالاتر ہے۔شک کرنا چھوڑ دیں اور خوشیاں منائیں کہ ہم کسی معاملے میں تو آگے ہیں۔ بے روزگاری میں ہی سہی۔ ہے نا؟
۔۔۔۔۔



