کپواڑہ؍۱۴ نومبر
شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے درگمولہ علاقے کے جانبازپورہ میں ایک سرکاری اسکول کی دیوار گرنے سے چوتھی جماعت کی ایک طالبہ جاں بحق ہوگئی۔
تحصیلدار ڈرگمولہ سید بشارت نے میڈیا نمایندوں کو بتایا کہ چوتھی جماعت کی طالبہ دوپہر کے وقفے کے دوران اسکول کی چار دیواری کے نیچے دب گئی، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔
بشارت نے بتایا کہ یہ واقعہ دوپہر کے وقفے کے دوران پیش آیا، جب اسکول کی دیوار اچانک منہدم ہوگئی اور کمسن طالبہ شدید زخمی ہوگئی۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
جاں بحق ہونے والی طالبہ کی شناخت غازیہ پرویز دختر پرویز احمد نجر کے طور پر ہوئی ہے۔
اس افسوسناک واقعے سے مقامی آبادی میں گہرے صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کی حفاظت سے متعلق تشویش بھی پیدا ہوگئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










