بڈگام؍۱۴ نومبر
بڈگام ریلوے اسٹیشن پر تقریباً۱۶۰۰کلو گرام سڑا گوشت ضبط کیا گیا۔ ریلوے پولیس نے ایک مشتبہ کھیپ کے بارے میں محکمہ فوڈ سیفٹی کو اطلاع دی تھی، جس سے خون رس رہا تھا اور بدبو پھیل رہی تھی۔
ایس ایچ او ریلوے پولیس بڈگام بینظیر اقبال نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ویٹرنری محکمہ نے موقع پر ہی گوشت کا معائنہ کیا۔ اس دوران ویٹرنری ڈاکٹر نے ایک سرٹیفکیٹ جاری کرتے ہوئے گوشت کو انتہائی خراب حالت اور صحت کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں قرار دیا۔
اقبال نے کہا کہ ضبط شدہ گوشت کو تحصیلدار، ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کمیٹی بڈگام اور محکمہ فوڈ سیفٹی کے افسران کی موجودگی میں تلف کیاگیا۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ۲۷۱کے تحت ایف آئی آر نمبر۵ درج کی گئی ہے، جبکہ گوشت کی ترسیل اور اس کی دیکھ بھال کے ذمہ دار افراد کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات جاری ہے۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ گوشت کی مذکورہ کھیپ پر کوئی نشان یا شناخت درج نہیں تھی اور نہ ہی اسے کسی قابلِ شناخت شخص کے نام پر بک کیا گیا تھا۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کررہی ہے کہ مناسب دستاویزات کے بغیر ریلوے حکام نے ایسی کھیپ کو کس طرح قبول کیا۔
اقبال نے کہا کہ گوشت کی ترسیل کے لیے ضروری دستاویزات، جن میں مذبح خانے، ویٹرنری محکمہ اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) کے سرٹیفکیٹ شامل ہیں، لازمی ہیں۔ اس کے علاوہ مقررہ درجہ حرارت منفی۱۸ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے کم برقرار رکھنے کے لیے مناسب ریفریجریشن کا انتظام بھی ضروری ہے۔
تاہم، ان کے مطابق ضبط شدہ گوشت عام پیکنگ میں لایا گیا تھا اور اسے محفوظ رکھنے کے لیے نہ برف کا انتظام تھا اور نہ ہی کوئی ریفریجریشن سہولت موجود تھی۔
دریں اثنا، اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی بڈگام‘ مفتی عمر نے بتایا کہ محکمہ کو جمعہ کے روز تقریباً سہ پہر۳ بجے ریلوے پولیس کی جانب سے فون موصول ہوا، جس کے بعد ایک ٹیم فوری طور پر معائنے کے لیے ریلوے اسٹیشن روانہ کی گئی۔
عمر نے کہا کہ گوشت انتہائی خراب حالت میں پایا گیا، اس کے ڈبوں سے خون رس رہا تھا اور ان سے شدید بدبو آرہی تھی۔ اس کے علاوہ گوشت کو مقررہ منفی۱۸ ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے کم درجہ حرارت پر منجمد حالت میں منتقل نہیں کیا گیا تھا۔
مفتی عمر نے بتایا کہ ایک ویٹرنری سرجن نے گوشت کی جانچ کرکے اسے انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں قرار دینے کا سرٹیفکیٹ جاری کیا۔ بعد ازاں فوڈ اینالسٹ اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ وین کے اہلکاروں سمیت محکمہ فوڈ سیفٹی کی ٹیم نے بھی ان نتائج کی تصدیق کی۔
اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی بڈگام نے مزید بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے تعینات مجسٹریٹ نے ضبط شدہ گوشت کو تلف کرنے کے احکامات جاری کیے تاکہ اسے عوامی تقسیم کے نظام میں شامل ہونے سے روکا جاسکے۔
عمرنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مشتبہ غذائی کھیپوں کے بارے میں محکمہ کو اطلاع دیں۔ انہوں نے عوامی صحت کے تحفظ اور غذائی اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ادھرایک سرکاری ترجمان کے مطابق ضبط شدہ گوشت بھینس کا تھا ۔ترجمان کے مطابق ریلوے حکام کی جانب سے بھینس کے گوشت کی ایک کھیپ کی ترسیل کے بارے میں مخصوص اطلاع موصول ہونے کے بعد کارروائی شروع کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)










