نئی دہلی؍ ۷ نومبر
بھارتی فضائیہ کے روسی ساختہ ٹرانسپورٹ طیارے آئی ایل ۷۶ ایم ڈی نے لداخ کے نیوما ایئر بیس پر کامیاب لینڈنگ کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بھارتی فضائیہ کے مطابق یہ اس طیارے کی دنیا میں اب تک کی سب سے زیادہ بلندی پر کی گئی لینڈنگ ہے۔
نیوما ایئر بیس سطح سمندر سے تقریباً ۱۳ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) سے اس کا فاصلہ تقریباً ۲۵ کلومیٹر ہے۔
بھارتی فضائیہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آئی ایل ۷۶ ایم ڈی طیارے نے نیوما میں کامیاب لینڈنگ کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔
فضائیہ کے مطابق یہ کامیابی طیارے کی غیر معمولی صلاحیتوں کے ساتھ اس کے عملے کی مہارت، درستگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھی مظہر ہے۔
بھارتی فضائیہ نے اس لینڈنگ کو ملک کی تزویراتی فضائی نقل و حمل کی صلاحیت کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ (ایجنسیاں)
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )









