نئی دہلی؍۲۶ ستمبر
جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر سے متعلق متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران سنیل شرما نے مرکزی وزیر داخلہ کو خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، امن و قانون، ترقیاتی اقدامات، عوامی مسائل اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جاری اجلاس سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) کی تنخواہوں میں اضافے کا معاملہ بھی اٹھایا، جو حتمی مرحلے میں ہے، اور اس معاملے کو جلد نمٹانے کے لیے ضروری کارروائی تیز کرنے کی درخواست کی۔
سنیل شرما نے جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے اٹھائے جانے والے اہم مسائل کو بھی اجاگر کیا اور ان معاملات پر تبادلہ خیال کیا جن کے لیے مرکزی حکومت کی مسلسل توجہ، باہمی تال میل اور تعاون درکار ہے۔
ملاقات کے دوران سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے، ترقیاتی اقدامات میں تیزی لانے، عوامی بہبود سے متعلق مسائل حل کرنے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے عوام سے متعلق معاملات کو بروقت نمٹانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔
امت شاہ نے گفتگو کے دوران جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مرکزی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے عوام سے متعلق معاملات کے حل میں مسلسل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔
سنیل شرما نے جموں و کشمیر کی سلامتی، ترقی اور عوامی بہبود سے متعلق امور پر رہنمائی اور مسلسل تعاون کے لیے مرکزی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










