(ایجنسیاں )
سرینگر؍۱۷ نومبر
جموں و کشمیر کے نامزد چیف سیکریٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو بدھ کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے والے ہیں۔ ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر یادو آج جموں و کشمیر پہنچنے کی توقع ہے اور وہ بدھ کو باضابطہ طور پر چیف سیکریٹری کا عہدہ سنبھالیں گے۔
ذرائع نے بتایا، ’’ان سے توقع تھی کہ وہ اٹل ڈولو کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے فوراً بعد عہدہ سنبھال لیں گے، تاہم دہلی حکومت نے مرکزی حکومت سے درخواست کی تھی کہ انہیں۱۶ نومبر تک وہیں خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی جائے، کیونکہ ان کی سربراہی میں دہلی جل بورڈ تہواروں کے موسم میں پانی کی فراہمی کے انتظامات کو یقینی بنانے میں مصروف تھا۔‘‘
۱۹۹۵ بیچ کے آئی اے ایس افسر ڈاکٹر سجن سنگھ یادو اپنے ساتھ مختلف انتظامی شعبوں میں کئی دہائیوں کا تجربہ لے کر آ رہے ہیں۔
اپنے طویل انتظامی کیریئر کے دوران وہ اروناچل پردیش، میزورم، دہلی، دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ مرکزی حکومت میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
وہ اروناچل پردیش کے مشرقی کامینگ اور توانگ اضلاع کے علاوہ جنوبی دہلی میں ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
مرکزی حکومت میں ڈیپوٹیشن کے دوران انہوں نے کئی اہم وزارتوں میں خدمات انجام دیں، جن میں وزارتِ خزانہ، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود، وزارتِ خواتین و بہبودِ اطفال، وزارتِ بھاری صنعتیں اور وزارتِ کارپوریٹ امور شامل ہیں۔انہوں نے اپنے انتظامی کیریئر کا ایک بڑا حصہ مرکزی وزارتِ خزانہ میں گزارا ہے۔
ڈاکٹر یادو کا تعلیمی پس منظر بھی خاصا مضبوط ہے۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے ایم بی اے، یونیورسٹی آف مینیسوٹا سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری اور لندن اسکول آف ہائی جین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن سے صحتِ عامہ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔
انتظامی ذمہ داریوں کے علاوہ ڈاکٹر یادو کو تصنیف و تالیف سے بھی گہری دلچسپی ہے۔ وہ دو کتابوں کے مصنف ہیں۔










