ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات کیلئے۵۴۱؍ امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے‘آزاد امیدوار سب سے آگے
(ویب ڈیسک)
سرینگر؍۱۷نومبر
لداخ کے ریاستی الیکشن کمشنر سدھانشو پانڈے نے منگل کو ضلع لیہہ میں آئندہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا، جبکہ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کے انتخابات کے لیے مجموعی طور پر۵۴۱؍ امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے ہیں۔
حکام کے مطابق، مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات۲۱ نومبر کو منعقد ہوں گے، جبکہ تمام اضلاع میں لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات ۴دسمبر کو ہوں گے۔
سدھانشو پانڈے نے لیہہ کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایک اجلاس طلب کیا، جس میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے علاوہ انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل منگل کو مکمل ہوگیا، جس میں قومی اور علاقائی سیاسی جماعتوں کے علاوہ بڑی تعداد میں آزاد امیدواروں نے بھی حصہ لیا۔
نامزدگیوں کے اعداد و شمار کے مطابق آزاد امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ۲۷۶ رہی، جبکہ انڈین نیشنل کانگریس نے۱۲۶؍اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے۱۲۵؍ امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے۱۴؍ امیدواروں کو نامزد کیا ہے۔
انتخابات لداخ کے آٹھ اضلاع میں مختلف نشستوں پر منعقد ہوں گے۔ ضلع کرگل میں سب سے زیادہ۱۰۴؍ امیدواروں نے۲۱ حلقوں سے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے ہیں۔
سانکو میں۱۳ حلقوں کے لیے۹۸؍امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ زنسکار میں نو حلقوں کیلئے۵۶؍اور دراس میں سات حلقوں کیلئے۵۳؍امیدواروں نے نامزدگیاں جمع کرائی ہیں۔
شام کے علاقے میں نو حلقوں کیلئے۵۰ امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ چانگ تھانگ اور نوبرا میں بالترتیب۱۶؍اور نو حلقوں کیلئے۳۸‘۳۸میدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے ہیں۔
آزاد اور مختلف سیاسی جماعتوں کے حمایت یافتہ امیدواروں کی بڑی تعداد میں شرکت کے پیش نظر۴ دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
یہ انتخابات ایسے وقت میں منعقد ہو رہے ہیں جب لداخ میں انتخابی شیڈول کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے اور بعض حلقوں کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔
لیہہ میونسپل کونسل کے تمام۲۱ وارڈوں میں انتخابات ہوں گے جبکہ کرگل میونسپل کونسل کے۱۷میں سے چار وارڈوں میں امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ اجلاس میں پولنگ مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے، ہیٹنگ، ٹرانسپورٹ، بیلٹ پیپرز اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے سرد موسم اور دشوار گزار جغرافیائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن طریقے سے منعقد کرانے کی ہدایت دی۔










