’امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی کوششیں اہم‘
سرینگر؍۱۷نومبر
سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل، جموں و کشمیر زون، سندیپ کھیروار نے منگل کو یہاں فورس کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور وادی میں امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
سی آر پی ایف کے مطابق، دورے کے دوران سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل، سرینگر سیکٹر، پون کمار شرما نے ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی، جس میں سرینگر سیکٹر کے تنظیمی ڈھانچے، کردار، ذمہ داریوں اور آپریشنل دائرہ کار کو اجاگر کیا گیا۔
سی آر پی ایف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’جموں و کشمیر زون، سی آر پی ایف کے اسپیشل ڈی جی سندیپ کھیروار نے سرینگر سیکٹر کا دورہ کیا اور سیکٹر کے تمام افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔‘‘
فورس کے مطابق، پریزنٹیشن میں وادی کشمیر میں سیکٹر کے وژن، تزویراتی اہداف اور آپریشنل ترجیحات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ہونے والے تبادلہ خیال کے دوران سیکٹر کے کام کاج، آپریشنل تیاریوں اور اپنی ذمہ داریاں انتہائی پیشہ ورانہ انداز، لگن اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ انجام دینے کے عزم سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
سی آر پی ایف نے مزید کہا کہ اسپیشل ڈی جی نے افسران کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا اور وادی کشمیر میں امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قیادت، باہمی تال میل، نظم و ضبط اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ (ایجنسیاں)










