نئی دہلی// دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ 4 اگست کو دارالحکومت کے ہزاروں بچے اکٹھے ہوکر دنیا کا سب سے بڑا ترنگا بنائیں گے اور ہم 130 کروڑ ہندوستانی ہندوستان کو دنیا کا نمبر ایک ملک بنانے کا عہد کریں گے ۔
پریس کانفرنس میں مسٹر کیجریوال نے کہا کہ پورا ملک آزادی کا 75 واں امرت مہوتسو منا رہا ہے ۔ ہر ہندوستانی حب الوطنی میں ڈوبا ہوا ہے ۔ 4 اگست کو ہزاروں بچے دہلی میں جمع ہو کر دنیا کا سب سے بڑا ترنگا بنائیں گے اور اس دن عہد لیں گے کہ ہندستان اب نہیں رکے گا، ہندستان نہیں تھمے گا، اب ہم 130 کروڑ ہندوستانی مل کر ہندوستان کو دنیا کا نمبر ایک ملک بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہوچکے ہیں۔ ان 75 برسوں میں کئی ممالک ہم سے آگے نکل چکے ہیں۔ ہم کیوں پیچھے رہ گئے ؟ ہم کسی سے کم نہیں۔ بھگوان نے ہمیں سب کچھ دیا ہے ۔ دریا، پہاڑ، معدنیات، جڑی بوٹیاں، فصلیں، سمندر، سب کچھ بھگوان کا دیا ہوا ہے ۔ ہندوستان کے لوگ دنیا کے سب سے ذہین اور محنتی لوگ ہیں۔ پھر بھی ہم پیچھے کیوں رہ گئے ؟ ان لیڈروں اور ان پارٹیوں کے بھروسے پر ملک چھوڑا تو ملک اور 75 سال پیچھے رہ جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب ملک کے 130 کروڑ عوام کو ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔ آئیے ہم آزادی کے 75 ویں امرت مہوتسو میں ہم عہد کریں کہ ہم ہندوستان کے 130 کروڑ لوگ مل کر، متحد ہوکر ہندوستان کو دنیا کا بہترین اور سب سے طاقتور ملک بنائیں گے ۔ ملک کے تمام لوگوں کو ساتھ آنا ہوگا۔ تاجر، کسان، صنعت کار، مزدور، نوکری پیشہ، ڈاکٹر، انجینئر، وکلاء سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ 75 سال پہلے جب پورا ملک متحد تھا، ہم نے انگریزوں کو بھگا دیا تھا، اب ہم سب مل کر ایک بار پھر ہندوستان کو دنیا کا بہترین ملک بنائیں گے ۔