تل ابیب، 24 ستمبر (یو این آئی) اسرائیل نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کے دورہ نیویارک میں رات کے قیام کو منسوخ کر کے دورے کا دورانیہ چند گھنٹے کم کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل کے چینل 13 کے مطابق، داخلی سلامتی کے حکام نے حالیہ دنوں کے اعلیٰ سطحی جائزوں کے بعد، بعض انٹیلی جنس تنبیہات کا حوالہ دیتے ہوئے ، دورہ مختصر رکھنے کی سفارش کی ہے۔
نیتن یاہو کے نظر ثانی شدہ پروگرام کے مطابق، وہ بدھ کی رات اسرائیل سے روانہ ہوگا اور جمعرات کی صبح نیویارک پہنچے گا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرے گا اور وہاں رات گزارے بغیر اسی دن اسرائیل واپس لوٹ جائے گا۔
یہ مختصر دورہ، غزہ میں اسرائیل کی طرف سے جاری نسل کشی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فوجی زیادتیوں کے خلاف نیویارک بھر میں متوقع وسیع پیمانے کے مظاہروں کے ساتھ موافق وقت پر طے پا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے نومبر 2024 میں غزہ میں کیے گئے جنگی جرائم اور انسانیت سوز جرائم کی وجہ سے نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
نیتن یاہو کے مختصر دورے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات شامل نہیں ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ملاقات کا اہتمام کرنے کی سابقہ کوششوں کے باوجود، ایک امریکی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ نیتن یاہو ان غیر ملکی سربراہان میں شامل نہیں ہے جن سے ٹرمپ ملاقات کریں گے۔ اسرائیلی سکیورٹی ٹیم کی خطے میں موجودگی کے باوجود اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک سے ملاقات کے لیے نیتن یاہو کا طے شدہ دورہ ٹیکساس بھی اچانک منسوخ کردیا گیا ہے ۔ اس طرح نیتن یاہو کا دورہ اقوام متحدہ کے پوڈیم میں اس کی تقریر تک محدود رہا ہے۔






