واشنگٹن، 17 نومبر (یو این آئی) امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری تنازع کو ‘کبھی ختم نہ ہونے والی جنگ’ نہیں بننے دیں گے۔
مسٹر وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنگ ختم کرنے کی سفارتی کوششوں میں رکاوٹ کے درمیان امریکہ نے خلیجی خطے میں اپنا تیسرا طیارہ بردار جنگی جہاز تعینات کر دیا ہے۔
‘فاکس نیوز’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسٹر وینس نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مسٹر ٹرمپ اس جنگ کو ایک کامیاب انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی حکومت فوج کو کسی طویل جنگی مہم میں جھونکنے کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے اس میں امریکی شرکت کے خاتمے کے لیے کوئی مقررہ وقت بتانے سے گریز کیا۔ مسٹر وینس نے کہاکہ "وہ (ٹرمپ) اسے کبھی ختم نہ ہونے والی جنگ نہیں بننے دیں گے۔”
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ‘یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ’ پیر کے روز خلیجی خطے میں پہنچ چکا ہے۔ یہ جہاز اپنے ساتھ ہزاروں فوجیوں کو لے کر آیا ہے اور اس سے خطے میں امریکی بحری موجودگی اور زیادہ طاقتور ہو گئی ہے۔ یہ طیارہ بردار جہاز خطے میں پہلے سے تعینات یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش، یو ایس ایس جارج واشنگٹن اور دیگر امریکی بحری جہازوں کے بیڑے میں شامل ہو گیا ہے۔
مسٹر وینس نے ایران کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے کے مسٹر ٹرمپ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ فوجی مہم بیرون ملک امریکہ کی ایک اور طویل مداخلت نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہاکہ "ہم نے امریکی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم اب کوئی ختم نہ ہونے والی جنگ نہیں لڑیں گے۔ ہاں، صدر کو لگا کہ انہیں اس جوہری پروگرام کو ختم کرنا ہوگا، اور ہاں، ایرانی جوہری پروگرام امریکہ کے لیے ایک خطرہ ہے۔”
مسٹر وینس نے کہاکہ "لیکن ہم اسے 10 یا 15 سال کی وابستگی، یا سچ کہوں تو دو سال کی وابستگی بھی نہیں بننے دیں گے، چاہے بہت سے نو-روشن خیال اور کئی دوسرے لوگ چاہتے ہوں کہ ہم وہاں ہمیشہ کے لیے رہیں۔ ہم وہاں ہمیشہ کے لیے نہیں رکنے والے ہیں۔ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم ایسا نہیں کریں گے اور مجھے پورا یقین ہے کہ صدر بہتر نتائج کے ساتھ ہمیں اس صورتحال سے باہر نکالیں گے۔









