تہران، 11 نومبر (یو این آئی) ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری محسن رضائی نے امریکہ کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات ہونے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے پیش کردہ سات شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔
مسٹر رضائی نے المیادین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات جاری ہونے یا قطر میں دونوں فریقوں کی ملاقات ہونے سے متعلق امریکی دعوے بالکل جھوٹے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مذاکرات جاری ہونے کی خبریں اقتصادی دباؤ کم کرنے اور تیل کی قیمتوں میں گراوٹ لانے کے مقصد سے پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنی سات شرائط سے امریکی فریق کو آگاہ کر دیا ہے، لیکن امریکہ کا ابتدائی ردعمل ناکافی اور گمراہ کن تھا۔ ایران اب امریکہ کی جانب سے واضح اور دوٹوک جواب کا انتظار کر رہا ہے۔
سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ اپنی مجوزہ ملاقات سے متعلق خبروں کو بھی بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا۔
اس سے قبل انہوں نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایران کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اس تنازع نے امریکی حکومت کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا ہے اور امریکہ ایک ‘مایوس جواری’ کی طرح ہاتھ پاؤں مار رہا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مطالبہ کیا کہ امریکہ مذاکرات سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانا بند کرے اور ایران کی جانب سے طے کردہ سات شرائط پر عمل کرے۔









