لزبن، 19 ستمبر (یو این آئی) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو بین الاقوامی فٹبال سے ان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیوں کے درمیان نئے کوچ جارج جیسس نے آئندہ نیشنز لیگ کے میچوں کے لیے 25 رکنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
41 سالہ رونالڈو کہہ چکے ہیں کہ رواں موسم گرما میں ہونے والا ورلڈ کپ ان کا آخری ورلڈ کپ تھا، تاہم انہوں نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی فٹبال سے کب ریٹائرمنٹ لیں گے۔ اگلا بڑا ٹورنامنٹ 2028 کی یورپی چیمپئن شپ ہوگی، جس وقت رونالڈو کی عمر 43 سال ہوچکی ہوگی۔
پرتگال کے ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں اسپین کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کے بعد جارج جیسس نے اسپین کے روبرٹو مارٹینیز کی جگہ کوچ کی ذمہ داری سنبھالی۔ جیسس اس سے قبل سعودی عرب میں رونالڈو کے کلب النصر کے کوچ رہ چکے ہیں اور گزشتہ سیزن میں دونوں نے مل کر لیگ کا خطاب جیتا تھا۔
رونالڈو کی ٹیم میں شمولیت کے بارے میں جیسس نے کہا، ’’بلائے گئے تمام کھلاڑی میرے لیے دستیاب ہیں۔ اگر وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو کھیلیں گے اگر اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے تو نہیں کھیلیں گے ۔ میں سب کے ساتھ یکساں سلوک کرتا ہوں۔‘‘





