لندن، 16 ستمبر (یو این آئی) کاؤنٹی کرکٹ میں منگل کو ہندوستانی کرکٹرز کا جلوہ دیکھنے کو ملا، جہاں عاقب نبی اور جے دیو انادکٹ نے گیند سے تو مینک اگروال نے بلے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مکیش کمار نے بھی ناٹنگھم شائر کی جانب سے ڈیبیو کیا۔
گلیمورگن 132 (نبی 4-36) اور 30-0 کی سری 115 (زین العابدین 4-26) کے خلاف 47 رن کی برتری۔
اوول میں کھیلے جا رہے گلیمورگن اور سری کے درمیان میچ میں پہلے ہی دن وکٹوں کی ایسی جھڑی لگی کہ کل 20 وکٹ گر گئے۔ سری نے گلیمورگن کو 132 رن پر آل آؤٹ کیا اور جواب میں خود بھی 115 رن پر ڈھیر ہو گئی۔
پورے دن دونوں ٹیموں کے تیز گیند بازوں کا غلبہ رہا۔ 19 سالہ جیک ہوپ بیل نے اپنے دوسرے فرسٹ کلاس میچ میں گلیمورگن کی جانب سے سب سے زیادہ 33 رن بنائے، جبکہ سری کی جانب سے ریان پٹیل کے 26 رن سب سے بڑا اسکور رہے۔
عاقب نبی سری کے چار رکنی فاسٹ بالنگ اٹیک میں سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 10 اوور میں 36 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ سری نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا انتخاب کیا تھا اور سیم کرتی پچ پر گلیمورگن نے لنچ تک 4 وکٹ پر 93 رن بنا لیے تھے۔ نبی کا پہلا اسپیل لاجواب تھا، انہوں نے 5 اوور میں صرف 27 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ ان کا شکار آسا ٹرائب، کیرن کارلسن اور ہوپ بیل بنے۔ نبی ہوا میں بھی گیند کو لہرا رہے تھے اور پچ سے بھی انہیں دیر سے سوئنگ مل رہی تھی۔ انہوں نے اپنے ساتویں گیند پر ٹرائب کو دوسری سلپ میں 31 رن پر کیچ کرا دیا۔ نبی کی گیند پر ہی دو اوور بعد سِبلی نے پہلی سلپ میں قدرے مشکل کیچ لیتے ہوئے کارلسن کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد نبی نے شاندار لیگ کٹر ڈالی، جس نے ہوپ بیل کے آف اسٹمپ کو اڑا دیا۔ بلے باز نے آگے بڑھ کر دفاع کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن گیند بلے کو چھکا کر اسٹمپ سے جا ٹکرائی۔
لنچ کے بعد گلیمورگن کی اننگز اچانک پوری طرح بکھر گئی۔ وورل کی گیند پر کیلے وے کو دوسری سلپ میں 22 رن پر کیچ کرا دیا گیا اور اس کے بعد آخری پانچ وکٹ محض 12 رن کے اندر آٹھ اوور میں گر گئے۔ نبی دوبارہ گیند بازی پر آئے اور بلی روٹ کو 49 گیندوں میں 11 رن پر وکٹ کے پیچھے کیچ کرا دیا۔
ڈرہم 437-7 (میانک اگروال 177، رابنسن ناٹ آؤٹ 78) بمقابلہ ووسٹر شائر۔
سابق ہندوستانی ٹیسٹ بلے باز مینک اگروال نے بینکس ہومز ریور سائیڈ میں سیزن کا آخری میچ دیکھنے آئے شائقین کو شاندار 177 رن کی اننگز سے خوش کر دیا۔ ان کی اس اننگز کی بدولت ڈویژن ٹو چیمپئن ڈرہم نے ووسٹر شائر کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ کے پہلے دن پوری طرح غلبہ بنائے رکھا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ڈرہم 7 وکٹ پر 437 رن بنا چکا تھا۔ وہ پورے پانچ بیٹنگ بونس پوائنٹ حاصل کرنے سے صرف 13 رن دور تھا، حالانکہ اسے ان پوائنٹس کی خاص ضرورت نہیں تھی۔ پھر بھی دن کا کھیل یہ بتانے کے لیے کافی تھا کہ اس سیزن ڈویژن ٹو میں ڈرہم کا اتنا غلبہ کیوں رہا ہے۔
ایک وقت ڈرہم 3 وکٹ پر 74 رن بنا کر قدرے مشکل صورت حال میں تھا، لیکن اگروال اور بین اسٹوکس کی شراکت داری نے میچ کا رخ بدل دیا۔ ایسا لگا جیسے اگروال اور اسٹوکس ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے ہوں۔ اگروال اور اسٹوکس نے محض 15.3 اوور میں 105 رن کی شراکت داری کی، جس میں 20 چوکے شامل تھے۔ اسٹوکس 50 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اگروال نے 50 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی، جبکہ اسٹوکس نے ان سے 11 گیندیں کم لیں۔ دونوں کے درمیان زیادہ فرق کرنا مشکل تھا۔ ان کی شراکت داری کے آخری نصف گھنٹے میں ووسٹر شائر کے گیند باز پوری طرح بے اثر نظر آئے۔ ایلیسن کی گیند پر اگروال کا 19واں چوکا بیک کٹ کے ذریعے آیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ڈرہم کے لیے اپنی پہلی سنچری مکمل کر لی۔ یہ سیزن کے اختتام تک ڈیوڈ بیڈنگھم کے قلیل مدتی متبادل کے طور پر معاہدہ کیے جانے کے بعد ان کی پانچویں اننگز تھی۔
اگروال نے 156 منٹ بلے بازی کی اور 121 گیندوں کا سامنا کیا۔ لیکن ان کا کام ابھی ختم نہیں ہوا تھا۔ اولی رابنسن کے ساتھ مل کر اگروال نے چھٹی وکٹ کے لیے مزید 149 رن جوڑ دیے۔ اس دوران ووسٹر شائر کو اس موقع کا افسوس رہا ہوگا، جب چائے کے بعد بریٹ ڈی اولیویرا کے پہلے اوور میں گبن نے مڈ وکٹ پر اگروال کا ایک مشکل کیچ چھوڑ دیا تھا۔ جب یہ کیچ چھوٹا، تب اگروال 109 رن پر تھے اور ڈرہم کا اسکور 293 رن تھا۔
اس کے بعد ڈرہم نے مزید 106 رن جوڑے اور وہ اپنے چوتھے بیٹنگ پوائنٹ سے صرف کچھ ہی دور تھا۔ آخرکار نئی گیند سے ٹام ٹیلر کے تیسرے اوور میں اگروال آؤٹ ہوئے۔ انہیں وکٹ کیپر ہنری کلن نے کیچ کیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک رابنسن 78 رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔ انہوں نے اس سیزن کی اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی اور جون کے بعد پہلی بار پچاس کا ہندسہ پار کیا۔
ناٹنگھم شائر 239-9 (ہٹن ناٹ آؤٹ 59، پرائس 3-33، انادکٹ 3/82) بمقابلہ سسیکس۔
ایک اور میچ میں ہندوستانی تیز گیند باز مکیش کمار نے کاؤنٹی کرکٹ میں ناٹنگھم شائر کی جانب سے اپنا ڈیبیو کر لیا۔ تاہم فی الحال انہیں گیند بازی کا موقع نہیں ملا ہے۔ کیونکہ ناٹنگھم شائر پہلے بلے بازی کر رہی ہے اور اب تک 232 رن پر 9 وکٹ گنوا چکے ہیں، مکیش دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کھاتہ کھولے کریز پر موجود تھے۔ اس میچ میں سسیکس کی جانب سے کھیل رہے ہندوستانی سیمر جے دیو انادکٹ نے تین وکٹ حاصل کر لیے ہیں۔




