نئی دہلی، 15 ستمبر (یو این آئی) ریلوے سے مستفید ہونے والوں کے لیے اب ریفرل علاج سے جڑے پینل میں شامل اسپتالوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔ ریلوے بورڈ نے تمام زونل ریلوے اور پروڈکشن یونٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اسپتالوں اور ہیلتھ یونٹس میں پینل میں شامل ہیلتھ آرگنائزیشنز کی جدید ترین فہرست کو نمایاں طور پر آویزاں کریں۔
یہ ہدایت ریلوے بورڈ کو موصول ہونے والی ان درخواستوں کے بعد جاری کی گئی ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ ریلوے اسپتالوں اور ہیلتھ یونٹس میں آنے والے مریضوں کو اکثر متعلقہ ریلوے سے منسلک ہیلتھ کیئرآرگنائزیشنز (ایچ سی او) کی معلومات نہیں مل پاتی تھیں۔ بورڈ نے کہا کہ اس طرح کی معلومات نہ ہونے سے ریفرل خدمات کا فائدہ اٹھاتے وقت مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
ہدایات کے مطابق تمام زونل ریلوے اور پروڈکشن یونٹس سے کہا گیا ہے کہ وہ ایمپینلڈ ہیلتھ آرگنائزیشنز کی اپ ڈیٹ شدہ فہرست نمائش کے لیے لگائیں۔ اس فہرست میں ان کی خصوصیات (اسپیشلائزیشن)، ایمپینلمنٹ کی مدتِ جواز، پتے اور رابطہ کی تفصیلات کا واضح ذکر ہونا چاہیے۔ یہ معلومات تمام ریلوے اسپتالوں اور ہیلتھ یونٹس میں ایسی اہم جگہوں پر لگائی جانی چاہئیں جہاں آنے والوں کی نظر آسانی سے پڑے اور وہ اسے آسانی سے پڑھ سکیں۔ بورڈ نے ریلوے ڈویژنز اور زونز کی ویب سائٹس پر پہلے سے موجود ہیلتھ آرگنائزیشنز کی فہرستوں کو بھی وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کرنے کا حکم دیا ہے، جس میں ان کے الحاق کی درستگی کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔




