نئی دہلی، 15 ستمبر (یو این آئی) وارانسی میں ورونا ایلیویٹڈ راہداری کی تعمیر کی جائے گی جو قومی شاہراہ-31 کو وارانسی رنگ روڈ سے جوڑے گی اور شہر میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد کرے گی۔
سرکاری اطلاع میں منگل کے روز یہ معلومات دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کی جانب سے وارانسی میں 43.218 کلومیٹر طویل کوریڈور کی تعمیر کی جائے گی۔ اس منصوبے پر 10,998 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔
وارانسی شہر میں ٹریفک کو آسان بنانے والے اس منصوبے کے تحت چھ اور چار لین کی راہداری میں فلائی اوورز، لوپس، ریمپ، سروس روڈز اور کیبل اسٹڈ پل شامل ہوں گے۔ اس سے وارانسی ہوائی اڈے، مختلف ریلوے اسٹیشنوں اور رام نگر پورٹ سمیت اہم علاقوں کی کنیکٹیویٹی میں بہتری آئے گی۔
منصوبے سے این ایچ-31 سے کاشی ریلوے اسٹیشن تک سفر کا وقت تقریباً 40 منٹ سے کم ہوکر تقریباً 20 منٹ ہونے کی امید ہے۔ اس سے وارانسی جنکشن، پھول وریا اور چوکا گھاٹ جیسے اہم پرہجوم علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔
سرکاری اطلاع کے مطابق، منصوبے سے مذہبی و سیاحتی مقامات، تعلیمی اداروں نیز چندولی کے سماجی و معاشی خطے اور اہم لاجسٹکس نوڈس تک رسائی بھی بہتر ہوگی۔ اس سے مسافروں اور سامان کی نقل و حمل آسان ہونے کے ساتھ ساتھ مشرقی اتر پردیش میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔




