نئی دہلی، 15 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی تیز گیندباز مکیش کمار نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے آخری دو میچوں کے لیے ناٹنگھم شائر کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ یہ انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کا پہلا معاہدہ ہوگا۔ ناٹنگھم شائر 15 ستمبر سے ہوو میں سسیکس اور 24 ستمبر سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر یارکشائر کے خلاف کھیلے گی۔
مکیش نے کہا کہ وہ انگلینڈ پہنچ کر کاؤنٹی کرکٹ میں خود کو آزمانے کے لیے بے تاب ہیں اور ٹیم کی کامیابی میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں کھیلنا ہمیشہ ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے اور نئی ٹیم کے لیے مختلف حالات میں کھیلنے کا موقع انہیں پرجوش کررہا ہے۔
مکیش حال ہی میں دلیپ ٹرافی میں نظر آئے تھے، جہاں ساؤتھ زون کے خلاف فائنل میں انہوں نے 62 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایسٹ زون نے پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر خطاب جیتا تھا۔ مکیش نے اب تک 60 فرسٹ کلاس میچوں میں 233 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن میں 10 مرتبہ پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں اور ایک بار میچ میں 10 وکٹیں شامل ہیں۔ ہندوستان کے لیے تین ٹیسٹ میچوں میں ان کے نام سات وکٹیں ہیں۔
ناٹنگھم شائر کے ہیڈ کوچ پیٹر مورز نے مکیش کی شمولیت کو اہم مرحلے پر ٹیم کے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دلیپ ٹرافی فائنل سے براہ راست یہاں آرہے ہیں اور مکمل مسابقتی ٖفارم میں ہیں۔ ناٹنگھم شائر فی الحال کاؤنٹی چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں 185 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ مکیش کے علاوہ حالیہ دنوں میں کلدیپ یادو (یارکشائر) اور مانَو سوتھار (واروک شائر) بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں، جبکہ عاقب نبی نے بھی حال ہی میں سرے کی نمائندگی کی تھی۔



