جموں؍۱۵ستمبر
اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) جموں و کشمیر نے جموں میں ’’غیر ممکن کھڈ‘‘ کے طور پر درج اراضی کی منتقلی کی اجازت دینے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں سابق اسسٹنٹ کمشنر ریونیو (اے سی آر) جموں اور چار نجی افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔
اے سی بی کے ترجمان کے مطابق، متعلقہ وقت میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو جموں کے عہدے پر تعینات نثار احمد شاہ اور چار نجی مستفید افراد کے خلاف پولیس اسٹیشن اے سی بی سینٹرل جموں میں ایک ایف آئی آردرج کی گئی ہے۔
یہ کارروائی ابتدائی انکوائری کے نتائج کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران مبینہ طور پر غیر ممکن کھڈ کے طور پر درج اراضی سے متعلق کارروائی اور اس کی منتقلی میں بادی النظر میں متعدد خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا۔
اے سی بی کے مطابق۲۳ مئی۲۰۱۸ سے۱۱ جولائی۲۰۱۸ کے دوران اے سی آر جموں کے عہدے پر فائز نثار احمد شاہ نے مبینہ طور پر اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے جموں کے چوادی اور ڈیلی علاقوں میں واقع غیر ممکن کھڈ اراضی کی منتقلی یا دوسرے افراد کے نام کرنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے نو اجازت نامے جاری کیے۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق یہ اجازت نامے متعلقہ اراضی کے حوالے سے نافذ ریونیو قوانین، حکومتی ہدایات اور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری احکامات کے باوجود مبینہ طور پر جاری کیے گئے۔
ابتدائی انکوائری کے دوران سامنے آنے والا ایک اہم پہلو ڈپٹی کمشنر جموں کی مبینہ منظوری سے متعلق ہے۔
۔۔۔۔۔۔ایجنسیاں










