کولگام؍۱۵ستمبر
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کولگام نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس کولگام کے کانفرنس ہال میں ایک مشترکہ سکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں سکیورٹی فورسز کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کا بنیادی مقصد ضلع کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا تھا، بالخصوص موجودہ چیلنجز کے پیش نظر تمام سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس ایس پی کولگام نے انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں اور امن و قانون کی صورتحال سے نمٹنے کے دوران پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کے درمیان مناسب تال میل اور پیشہ ورانہ انداز برقرار رکھنے پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے پیشگی سکیورٹی اقدامات اور چوکسی بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی۔
عوام میں اعتماد کا احساس مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے ایس ایس پی نے ہدایت دی کہ تمام حساس مقامات، اہم تنصیبات اور اقلیتی آبادی والے علاقوں میں اضافی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ فیلڈ ڈیوٹی پر تعینات تمام اہلکاروں کی باقاعدگی سے بریفنگ اور ڈیبریفنگ یقینی بنائی جائے، تاکہ انہیں ممکنہ خطرات سے آگاہ رکھنے کے ساتھ ہر وقت چوکس رکھا جا سکے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ مضبوط سکیورٹی نظام کے ساتھ مختلف ایجنسیوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تال میل عام لوگوں اور اقلیتی برادریوں میں تحفظ اور سلامتی کے احساس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔
اجلاس کے دوران موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انسدادِ شورش نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایجنسیاں










