ایجنسیز
نئی دہلی؍۱۳جون
وزارتِ دفاع نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل دھیراج سیٹھ بھارتی فوج کے اگلے چیف آف آرمی اسٹاف ہوں گے۔
فی الحال نائب سربراہِ فوج (وائس چیف آف آرمی) کے طور پر خدمات انجام دینے والے لیفٹیننٹ جنرل دھیراج سیٹھ، موجودہ آرمی چیف جنرل اُپیندر دویدی کی۳۰ جون کو ریٹائرمنٹ کے بعد فوج کی کمان سنبھالیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل سیٹھ نیشنل ڈیفنس کیڈمی، کھڑکواسلہ کے فارغ التحصیل ہیں اور دسمبر۱۹۸۶میں آرمرڈ کور میں کمیشن حاصل کیا تھا۔
تقریباً چار دہائیوں پر محیط اپنے ممتاز فوجی کیریئر کے دوران انہوں نے آپریشنل، تزویراتی، صلاحیت سازی اور ادارہ جاتی شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل کیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل دھیراج سیٹھ نے مختلف عملی اور جنگی ماحول میں ہر سطح پر کمان کی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ ان کی اہم کمانڈ اسائنمنٹس میں صحرائی سیکٹر میں ایک آرمرڈ رجمنٹ، مغربی محاذ پر ایک آرمرڈ بریگیڈ اور جموں و کشمیر میں انسدادِ شورش فورس کی قیادت شامل ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد انہوں نے سدرشن چکر کور کی کمان سنبھالی، جو بھارتی فوج کی اہم اسٹرائیک فارمیشنز میں شمار ہوتی ہے۔
بعد ازاں انہوں نے جنرل آفیسر کمانڈنگ، دہلی ایریا کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے قومی اور بین الاقوامی فوجی سرگرمیوں اور رسمی تقریبات کی نگرانی کی۔
آرمی کمانڈر کے عہدے پر ترقی کے بعد انہوں نے ساؤتھ ویسٹرن کمانڈ اور سدرن کمانڈ کی قیادت کی۔ اس دوران انہیں دو آپریشنل آرمی کمانڈز کی سربراہی کا نادر اعزاز حاصل ہوا اور وہ تقریباً ڈھائی برس تک اہم فوجی محاذوں پر تزویراتی نگرانی کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔
انہوں نے متعدد اہم اسٹاف اور تزویراتی عہدوں پر بھی خدمات انجام دی ہیں، جنہوں نے فوجی منصوبہ بندی، افرادی قوت کے انتظام اور دفاعی صلاحیتوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔










