’آپ صرف دوست ہی نہیں بلکہ جموں کشمیر کے خیر خواہ بھی ہیں‘
ویب ڈیسک
سرینگر؍۲۸؍ اپریل
وزیرِ اعلیٰ‘عمرعبداللہ نے منگل کے روز سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں دیہی ترقی کے نئے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر مرکزی وزیر‘شیو راج چوہان کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے انہیں جموں و کشمیر کا ’حقیقی دوست اور خیر خواہ‘ قرار دیا۔
اس سے قبل چوہان نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (مرحلہ چہارم) کے تحت۳ہزار۵۵۰ کروڑ روپے مالیت کے۳۳۰نئے سڑک منصوبوں کا آغاز کیا، جن کے ذریعے خطے میں۱۶۰۰ کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق ان سڑکوں سے جموں و کشمیر کی۳۶۳دور دراز آبادیوں کو فائدہ پہنچے گا۔
چوہان کو ’ماما‘کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے‘جو مدھیہ پردیش کے عوام کی جانب سے دیا گیا ایک محبت بھرا لقب ہے‘وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ فنڈز کا درست استعمال ہو۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا’’ہماری حکومت کو اقتدار میں آئے ڈیڑھ سال ہو چکا ہے۔ آپ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ آپ صرف دوست ہی نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے خیر خواہ بھی ہیں۔ مدھیہ پردیش کے لوگ آپ کو ’ماما‘ کہتے ہیں، وہ غلط نہیں ہیں‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فی الحال مزید فنڈز کا مطالبہ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی کیونکہ گزشتہ ایک سال میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت جموں و کشمیر کو۸ہزار کروڑ روپے کے منصوبے فراہم کیے گئے ہیں۔
عمرعبداللہ نے مزید کہا’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آئندہ چند ماہ میں منظور شدہ منصوبوں پر کام شروع کر دیں گے۔ جب آپ ان کاموں سے مطمئن ہوں گے تو میں اور نائب وزیرِ اعلیٰ سریندر چودھری مزید منصوبوں کی منظوری کے لیے آپ سے رجوع کریں گے‘‘۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ سڑکوں کا رابطہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی لاتا ہے کیونکہ اس سے انہیں تعلیم، صحت اور روزگار تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
عمرعبداللہ نے کہا’’جو سفر پہلے گھنٹوں میں طے ہوتا تھا، اب سڑک کی سہولت سے آسان ہو گیا ہے۔ سیاح یہاں شہروں اور قصبوں کو دیکھنے آتے ہیں، لیکن ہمارے دل دیہات کے لیے دھڑکتے ہیں‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی ترقی کی وزارت کی مدد سے ’ترقی یافتہ جموں و کشمیر‘ اور’ترقی یافتہ بھارت‘ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد ملے گی۔
عمرعبداللہ نے کہا’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم فنڈز کا درست استعمال کریں گے تاکہ جموں و کشمیر کے عوام کو اس کا بھرپور فائدہ پہنچے‘‘۔
اس سے قبل چوہان نے کہا کہ وزیرِ اعظم‘نریندرا مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ زمینی سطح پر حقیقی ترقی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
چوہان نے اس بات پر زور دیا کہ توجہ اس بات پر ہے کہ سڑکیں، خدمات اور دیگر سہولیات دور دراز دیہات تک بھی پہنچیں۔
مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو جموں و کشمیر کو قومی ترقی کے دھارے میں مزید مؤثر انداز میں شامل کرنے کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ (ایجنسیز)










