صاحب یہ اللہ میاں کا فضل و کرم ہے کہ کشمیر میں اب حالات معمول پر آگئے ہیں…. پورے معمول پر تو نہیں آگئے ہیں…. البتہ سفر جاری و ساری ہے اور…. اور وہ دن دور نہیںجب حالات مکمل طور پر معمول پر آئیں گے ۔ہم یہ کوئی بریکنگ نیوز نہیں دے رہے ہیں…. کوئی بریکنگ نیوز نہیں کیونکہ آپ بھی جانتے ہیں کہ واقعی میں حالات معمول پر آ رہے ہیں…. اور اگر آپ کو خبرنہیں ہے‘ اگر آپ کو اس بات کا علم نہیں تو…. تو حکومتی کارندوں کے بیانات سن لےجئے ‘ بیانات دیکھ لیجئے جن میں صرف یہی ایک بات سنائی جاتی ہے اور…. اور بار بار سنائی جاتی ہے کہ کشمیر میں حالات معمول پر آ رہے ہیں…. اور ترقی بلندیوں کو چھو رہی ہے…. دہشت گردی ختم ہو رہی ہے…. ہڑتال‘پتھراؤ اور علیحدگی پسندی قصہ پارینہ ہے اور….اور کشمیر کے بچوں کے ہاتھوں میں اب پتھر نہیں بلکہ کتابیں اور لیپ ٹاپ ہیں….اپنے مودی جی اور امت بھائی شاہ بھی بار باراور ہر بار اس بات کو دہراتے ہیں….اس وقت کچھ زیادہ ہی دہرا رہے ہیں کیونکہ مغربی بنگال ‘ تمل ناڈو‘ کیرالم سمیت کچھ ایک ریاستوں میں اسمبلی الیکشن ہو رہے ہیں ۔ اور…. اور اللہ میاں کی قسم ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے …. اعتراض اس لئے نہیں ہے کیونکہ انہوں نے کشمیر کے حالات کے بارے میں جو کچھ بھی کہا سچ کہا …. سچ کے سوا کچھ نہیں کہا…. لیکن…. لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے اور…. اور بالکل بھی نہیں ہے کہ کشمیر میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے…. نہیں صاحب ایسا بھی نہیں ہے اور…. اور اس لئے نہیں ہے کیوں کہ کشمیرمیں سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں ہے…. پہلے اُس پار سے گولیاں آتی تھیں…. بندوقیں اور ہتھ گولے آتے تھے…. بندوق کی گولی سے ایک شخص کی موت ہو تی ہے…. لیکن اب جو اُس پار سے آرہا ہے اس سے پوری قوم کشمیر ختم ہو سکتی ہے کہ…. کہ نشہ…. ڈرگس…. چرس…. براؤن شوگر …. اور ہیرائن قوموں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے…. اور سو فیصد رکھتا ہے ۔ہم نے یہ دیکھا ہے اور آپ نے بھی …. ؟خیر!ہم زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتے ہیں سوائے اس ایک بات کے کہ…. کہ مشکل سے امن لوٹ رہا ہے…. اس امن کا ثمر ہر ایک کو ملنا چاہئے ….کشمیر کے ہر ایک شہری ‘ہر ایک نوجوان کو ملنا چاہئے…. اگر انہیں کچھ ملنا نہیں چاہئے تو…. تو وہ ڈرگس ہے ‘ نشہ ہے ۔ ہے نا؟




