سرینگر؍۲۸ مارچ
جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے ہفتہ کے روز جل شکتی (پی ایچ ای) میکینیکل ڈویژن ساؤتھ اونتی پورہ کے ایگزیکٹو انجینئر منظور احمد ڈار کو۱۲ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
بیورو کے مطابق یہ کارروائی ایک شکایت کی بنیاد پر عمل میں آئی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مذکورہ افسر نے اے ایم سی (سالانہ دیکھ بھال) کے بلوں کی منظوری کیلئے۲۰ ہزار روپے رشوت طلب کی تھی، جن میں سے۸ہزار روپے پہلے ہی وصول کیے جا چکے تھے جبکہ بقیہ۱۲ہزار روپے ادا کیے جانے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ شکایت گزار نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد خفیہ تصدیق کی گئی جس میں سرکاری ملازم کی جانب سے رشوت طلب کرنے کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد پولیس اسٹیشن اے سی بی اننت ناگ میں ایف آئی آر نمبر۲۰/۲۰۲۶ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی۔
تحقیقات کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ افسر کو رشوت کا مطالبہ کرتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
ترجمان کے مطابق، ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا اور رشوت کی رقم بھی اس کے قبضے سے آزاد گواہوں کی موجودگی میں برآمد کر لی گئی۔
بعد ازاں ملزم کے رہائشی مکانوں کی بھی ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں تلاشی لی گئی، جبکہ اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔










