نئی دہلی؍۲۵ مارچ
ہندوستان نے عدالت کی جانب سے مجرم ثابت کی گئی کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے ارکان کے بارے میں پاکستان کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ ہندوستانی عدالتی عمل پر تبصرہ کرنے کا پاکستان کو کوئی حق نہیں ہے۔
پاکستان نے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے ارکان کو ہندوستانی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر سوال اٹھایا تھا۔
وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان رندھیر جیسوال نے اس سلسلے میں میڈیا کے سوالوں کے جواب میں بدھ کو کہا کہ’’ہم پاکستان کی جانب سے ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم اور اس کے ارکان کی حمایت میں جاری کیے گئے بیان کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ہندوستان کے اندرونی معاملات یا اس کے عدالتی عمل پر تبصرہ کرنے کا پاکستان کو کوئی حق نہیں ہے۔ تاہم، یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ ایک ایسا ملک، جو طویل عرصے سے دہشت گردی کی سرپرستی کرتا رہا ہے، اس نے تشدد اور بے گناہ لوگوں کے قتل کو جائز قرار دینے والا ایسا بیان دیا ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹ اور بے بنیاد کہانیاں پھیلانے کے بجائے، پاکستان کو ان سنگین اور منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خود احتسابی کرنی چاہیے، جن کا وہ مسلسل ارتکاب کرتا رہا ہے۔










