نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو بیلجیم میں یوروپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے ملاقات کی اور کہا کہ جنوری میں ان کا ہندوستان کا سرکاری دورہ ہندوستان-یورپی یونین (ای یو) تعلقات میں ایک اہم موڑ ہے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہندوستان ان کے دورے کے نتائج پر سرگرمی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے عصری عالمی پیشرفت پر ان کے نقطہ نظر کی بھی تعریف کی۔
وزیر خارجہ یورپی یونین (ای یو) کی اعلیٰ نمائندہ اور نائب صدر محترمہ کاجا کالس کی دعوت پر بیلجیم کے دو روزہ سرکاری دورے پر برسلز پہنچے ہیں، جہاں وہ خارجہ امور کی کونسل کے اجلاس میں یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
وزیر خارجہ یورپی یونین کی قیادت اور بیلجیم اور یورپی یونین کے دیگر رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔ ان کا یہ دورہ تاریخی 16ویں ہند-یورپی یونین سربراہ اجلاس کے فوراً بعد ہورہا ہے۔
قبل ازیں ڈاکٹر جے شنکر نے بیلجیئم کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ میکسم پریووٹ سے ملاقات کی نیز تجارت اور سرمایہ کاری، سیمی کنڈکٹرز، صحت، ٹیکنالوجی اور اختراع میں ہندوستان-بیلجیئم تعاون کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ‘ہند-بیلجیم اسٹریٹجک ڈائیلاگ’ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
ڈاکٹر جے شنکر، جو اتوار کو بیلجیئم پہنچے، نے قبرص کے وزیر خارجہ کانسٹینٹینوس کومبوس سے بھی ملاقات کی۔ دونوں نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے یوروپی یونین کی کونسل کی صدارت کررہے قبرص کے ذریعہ ہند-یورپی یونین کی شمولیت کو آگے بڑھانے میں تعاون کی تعریف کی۔









