کشمیر یونیورسٹی کے آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی
ایجنسیز
سرینگر؍۳ مارچ
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے بعد جموں و کشمیر حکومت نے احتیاطی اقدام کے طور پر تعلیمی اداروں کو۷مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی‘کشمیر نیوز آبزرور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ طلبہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے اتوار تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر ایتو نے کہا’’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں۷مارچ تک بند رہیں گے‘‘۔وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں ہلاکت کے بعد جموں و کشمیر بھر میں وسیع پیمانے پر احتجاج شروع ہوگیا تھا۔
قابلِ ذکر ہے کہ آٹھویں جماعت تک کے اسکول پیر کے روز دو ماہ سے زائد عرصے پر محیط سرمائی تعطیلات کے بعد دوبارہ کھلنے والے تھے۔
اس سے قبل۲۳ فروری کو نویں سے بارہویں جماعت تک کی کلاسوں میں کشمیر ڈویژن اور جموں ڈویژن کے سرمائی زونز میں۷۰دن سے زائد کی سرمائی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوئی تھیں۔
حکومت نے نویں جماعت اور اس سے اوپر کے طلبہ کے لیے۱۱دسمبر۲۰۲۵سے۲۲فروری۲۰۲۶ تک سرمائی تعطیلات منانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
۲۵نومبر کو اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ (ایس ای ڈی) نے کشمیر ڈویژن اور جموں ڈویژن کے سرمائی زونز کے لیے مرحلہ وار سرمائی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
ایس ای ڈی نے ایک حکم نامے میں کہا تھا کہ پری پرائمری (بالواٹیکا) کلاسوں کے لیے تعطیلات۲۶ نومبر سے۲۸ فروری۲۰۲۶تک ہوں گی۔
آٹھویں جماعت تک کی مڈل کلاسوں کے معاملے میں محکمہ نے کہا تھا کہ تعطیلات یکم دسمبر سے۲۸ فروری تک منائی جائیں گی۔
اس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے لیے سرمائی تعطیلات۱۱دسمبر سے۲۲ فروری تک ہوں گی۔
ایس ای ڈی نے تدریسی عملے کو تعطیلات کے دوران کسی بھی تعلیمی سرگرمی کے لیے دستیاب رہنے کی ہدایت دی تھی۔تدریسی عملے کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اسکولوں کے کھلنے کے انتظامات کے لیے۲۰فروری۲۰۲۶کو اپنی متعلقہ درسگاہوں میں رپورٹ کریں۔
اس سے قبل۱۶فروری کو کشمیر وادی میں کالجوں نے۵۲روزہ سرمائی تعطیلات کے بعد سرگرمیاں دوبارہ شروع کی تھیں۔
جموں و کشمیر محکمہ اعلیٰ تعلیم نے۲۳دسمبر۲۰۲۵کو کشمیر ڈویژن کے سرمائی زونز میں آنے والے ڈگری کالجوں کے لیے۵۲روزہ سرمائی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
حکومت نے کہا تھا کہ کشمیر ڈویژن اور جموں ڈویژن کے سرمائی زون کے ڈگری کالج۲۴دسمبر۲۰۲۵ سے۱۴فروری۲۰۲۶تک سرمائی تعطیلات منائیں گے۔
اس دوران یونیورسٹی آف کشمیر نے۴مارچ۲۰۲۶کو منعقد ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اطلاع کنٹرولر آف ایگزامینیشنز کے دفتر کی جانب سے جاری ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں دی گئی ہے۔
نوٹس کے مطابق بدھ کے روز ہونے والے تمام یونیورسٹی امتحانات ملتوی رہیں گے۔ ملتوی شدہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں علیحدہ طور پر کیا جائے گا۔
یہ حکم نامہ اسسٹنٹ کنٹرولر آف ایگزامینیشنز (کنڈکٹ) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کیا گیا ہے، جس میں یونیورسٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن اپ لوڈ کرنا اور میڈیا کو مطلع کرنا شامل ہے۔
طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نظرثانی شدہ امتحانی شیڈول سے متعلق مزید اعلانات کے لیے یونیورسٹی کے سرکاری ذرائع سے باخبر رہیں۔










