نئی نسل خود امکانات کا پیکر ہے‘ میرا یقین ہے کہ ہمارے نوجوان ہر مسئلے کا حل ہیں:ایل جی سنہا
جموں؍۲۸فروری
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے نوجوان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اگر انہیں درست مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔
وہ آج یونیورسٹی آف جموں میں ‘سکھ کرکٹ پریمیئر لیگ(ایس سی پی ایل)کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ چند برسوں کے دوران یونین ٹیریٹری میں کھیلوں کے شعبے میں تاریخی تبدیلی آئی ہے۔
سنہا نے کہا’’نئی نسل خود امکانات کا پیکر ہے۔ میرا یقین ہے کہ ہمارے نوجوان ہر مسئلے کا حل ہیں۔ انہیں مناسب مواقع، مضبوط پلیٹ فارم اور حقیقی رہنمائی دی جائے تو وہ تاریخ رقم کریں گے‘‘۔
ایل جی نے کہا کہ سکھ کرکٹ پریمیئر لیگ نوجوانوں کی ہمہ جہتی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں یہ نظم و ضبط، قیادت، ٹیم ورک، صبر اور خود اعتمادی جیسی خصوصیات کو فروغ دے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آل جے اینڈ کے سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی اور ہری سنگھ نلوہ کرکٹ کلب جموں کا قابلِ ستائش اقدام اس بات کا اعلان ہے کہ نئی نسل محض تماشائی نہیں بلکہ بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کی علمبردار بن کر آگے بڑھ رہی ہے۔
شمولیت کو فروغ دینے کے لیے آل جے اینڈ کے سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی نے ہر ٹیم میں دیگر برادریوں کے نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنایا ہے۔
سنہانے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سخت نظم و ضبط کے ساتھ تربیت کریں اور میدان کے اندر اور باہر ناقابلِ شکست اتحاد کے ساتھ مقابلہ کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ معاشرے کی حقیقی دولت اینٹ اور پتھر میں نہیں بلکہ نئے خیالات میں مضمر ہے۔’’ہمارے نوجوانوں کی توانائی ایک دریا کی مانند ہے۔ جب اسے مقصد کے ساتھ رہنمائی ملتی ہے تو یہ زندگی اور ترقی کا سرچشمہ بن جاتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ قوم کی تعمیر کے سفر میں ہمارے نوجوان نہ رکیں گے، نہ جھکیں گے اور نہ تھکیں گے‘‘۔
سنہا نے کہا کہ سکھ کرکٹ پریمیئر لیگ جیسے اہم کھیلوں کے ایونٹس نوجوانوں میں یہ شعور بیدار کریں کہ کھیل محض تفریح نہیں بلکہ زندگی کی پائیدار اقدار کی آبیاری کا ذریعہ ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’جب نوجوان بامقصد مشن کے ساتھ جڑتے ہیں تو وہ سمجھتے ہیں کہ بڑی تبدیلیوں کے لیے بڑے وژن درکار ہوتے ہیں۔ صنعت کاری اور کھیل اسی کیمیا کے حامل ہیں‘‘۔
سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پروگرام کے تحت نمایاں مالی معاونت سے یونین ٹیریٹری میں کھیلوں کے فروغ کے لیے عالمی معیار کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
ایل جی نے بتایا کہ حالیہ دورۂ جموں و کشمیر کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے بی سی سی آئی، فیفا اور دیگر کھیل تنظیموں کے تعاون سے یونین ٹیریٹری میں کھیلوں کی ترقی کیلئے۲۰۰کروڑ روپے کی معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔










