اور اللہ میاں کی قسم اسی کو کہتے ہیں چھوٹا منہ بڑی بات …….اللہ میاں کی قسم اس سے بہتر اس کی کوئی مثال نہیںہو سکتی ہے ‘ بالکل بھی نہیں ہو سکتی ہے کہ …….کہ خبر یہ ہے کہ اپنے گورے گورے بانکے چھورے وزیر اعلیٰ ‘ عمرعبداللہ کے کابینہ ساتھی‘ ستیش شرما نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ میچ ……. کرکٹ میچ نہیں کھیلنا چاہئے اور ……. اور اس لئے نہیں کھیلنا چاہئے کیونکہ پاکستان ،کشمیر اور جموں میں دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے ۔شرما صاحب ! یقیناً ہو رہاہے‘ ہمسایہ ملک پاکستان کشمیر اور جموں میں دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے اور سالہاسال سے ہو رہا ہے …….اس لئے ہو رہا ہے کیونکہ اس ملک اور دہشت گردی کا جنم جنم نہیں بلکہ سات جنموں کا ساتھ ہے کہ اس کے علاوہ ہمسایہ ملک کچھ اور نہیں کر سکتا ہے……. بالکل بھی نہیںکر سکتا ہے ۔ لیکن شرما صاحب رہی بات آپ کی …….یہ بات کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلی جائے تو صاحب یہاں آپ نے حد پار کی …….اور سو فیصد کی۔یہ یقینا ًآپ نے چھوٹا منہ بڑی بات کی ‘ ایسی بات جو آپ کو نہیں کرنی چاہئے تھی ‘ بالکل بھی نہیں کر نی چاہئے تھی کہ کچھ باتیں ایسی ہو تی ہیں جن پر ہر کوئی ……. جی ہاں ہر کوئی ایرا غیرا نتھوخیرا بات نہیں کر سکتا ہے ……بالکل بھی نہیں کر سکتا ہے اور ان باتوں میں پاکستان اور بھارت میں کرکٹ ہے ۔ شرما جی !یقین کیجئے دونوں ممالک میں یوں تو یہ ایک کھیل ہے اور کچھ نہیں ……. لیکن یہ کھیل کا کھیل نہیں ہے ‘ بلکہ پیسوں اور طاقت کا کھیل ہے جسے سمجھنا آپ کے بس کی بات نہیں ہے …….بالکل بھی نہیں ہے ۔ آپ ایک کام کیجئے ‘صرف ایک کام اور وہ یہ کہ آپ اپنے کام سے کام رکھ لیجئے کہ ہند پاک میں میچ ہو گا یا ہونا چاہئے یا نہیں …….یہ سوچ کر آپ اپنے دماغ پر زیادہ زور پر ڈالیں کہ یہ سوچنا آپ کے بس کی بات نہیں ہے …….گرچہ ہمیں امید ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران جو کچھ بھی ہوا …….تاکہ کولمبو میں دونوں ممالک کے درمیان میچ کو ممکن بنایا جا سکے …….اس سے شرما جی آپ کو اندازہ ہوا ہی ہو گا کہ دونوں ممالک میں آمنا سامنا کھیل ……. کرکٹ کے کھیل سے بھی آگے بڑھ گیا ہے ‘ جس کے ساتھ بہت کچھ وابستہ ہو گیا ہے …….اور جو وابستہ ہو گیا ہے وہ بھی کھیل ہی ہے……. لیکن پیسوں کا کھیل اور…….اور ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پیسے میں طاقت نہیں بلکہ پیسہ ہی طاقت ہے …….ایسے میں آپ کی کرکٹ نہ کھیلنے کی بات اللہ میاں کی قسم سچ میں چھوٹا منہ بڑی بات تھی ‘ کچھ اور نہ تھا…….بالکل بھی نہیں تھا ۔ ہے نا؟




