سرینگر: جموں کشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات نے یوم جمہوریہ۲۰۲۶کی تقریب کے پیش نظر پولیس کنٹرول روم کشمیر کے کانفرنس ہال میں ایک اہم و وسیع سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں جے کے پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیوں، فوج، سی اے پی ایف اور دیگر سیکورٹی و ٹریفک اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ میں شامل افسران نے ڈی جی پی کو انٹیلی جنس اطلاعات، حفاظتی اقدامات، تیاریوں اور وادی بھر میں مقررہ مقامات پر ہونے والی تقریبات کے لیے مجموعی سیکورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ افسران نے مختلف علاقوں میں حفاظتی گرڈ کو مضبوط بنانے ، عوامی مقامات کے تحفظ اور ہر مقام پر پُرامن ماحول یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پیش کیے ۔
ڈی جی پی نالین پربھات نے میٹنگ کے دوران تمام فیلڈ افسران کو واضح ذمہ داریوں کے ساتھ سخت ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے بھیڑ کی نگرانی، ٹریفک پلان، حساس اور کمزور مقامات کی سیکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ، اور فورسز کی اسٹریٹیجک تعیناتی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔
پربھات نے ضلع سطح کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی قسم کی افواہ یا گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے فوری کارروائی کریں، تاکہ قانون و نظم میں خلل نہ پڑے ۔
ڈی جی پی نے کہا کہ وادی میں شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھی جائے اور نگرانی کو مزید تیز کیا جائے ۔ ٹریفک ونگ کو ہدایت دی گئی کہ وہ یوم جمہوریہ کے دن عام لوگوں اور محفوظ شخصیتوں کی آمد و رفت کے لیےموثر ٹریفک پلان مرتب کرے ۔
میٹنگ کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ جموں و کشمیر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کو پُرامن، محفوظ اور بخیر و خوبی منعقد کرنے کے لیے تمام ادارے مشترکہ کوششیں بروئے کار لائیں گے ۔










