کلنگ//ہندوستان کے ٹاپ شٹلرز پی وی سندھو اور ایچ ایس پرنائے بدھ کو یہاں پہلا راؤنڈ جیت کر سنگاپور اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ سندھو نے بیلجیئم کی لیان ٹین کو 29 منٹ میں 21-15، 21-11 سے ہرایا جبکہ پرنائے نے تھائی لینڈ کے سیتھیکوم تھماسین کو سیدھے گیمز میں 21-13، 21-16 سے ہرایا۔
عالمی چمپئن شپ کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے کدامبی سری کانت کو ابتدائی راؤنڈ میں ہم وطن متھن منجوناتھ سے 17-21، 21-15، 18-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری طرف دنیا میں 66 ویں نمبر پر موجود اشمیتا چلیہا نے 12 ویں نمبر کے شٹلر بوسانان اونگبامرنگفن پر 21-16، 21-11 سے شاندار فتح درج کی۔ یہ متھن اور چلیہا کے کیریئر کی پہلی ٹاپ 15 جیت تھی۔
لندن اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی سائنا نہوال نے بھی ہم وطن مالویکا بنسود پر 21-18، 21-14 سے جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔
واضح رہے کہ 20 سالہ بنسود نے اس سال جنوری میں انڈیا اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں اپنے آدرش نہوال کو شکست دی تھی۔
اس دوران پاروپلی کشیپ انڈونیشیا کے پانچویں سیڈ جوناتھن کرسٹی سے 14-21، 15-21 سے ہار کر مقابلے سے باہر ہو گئے۔