جنگلاتی منظوریوں میں تاخیر پر بھی ناراضگی ‘ طریقۂ کار کو بہانہ بنا کر عوامی منصوبوں کو التوا میں نہ ڈالا جائے
جموں: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے محکمہ تعمیراتِ عامہ (سڑک و عمارات) کے تحت جاری منصوبوں میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں سستی ناقابلِ قبول ہے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
جموں میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے ورچوئل موڈ کے ذریعے۱۱۹کروڑ روپے مالیت کے آر اینڈ بی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا جبکہ۳۳کروڑ روپے کے منصوبوں کا ای۔افتتاح بھی کیا۔ اجلاس میں جموں و کشمیر بھر میں جاری سڑک اور پل منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے مختلف ایجنسیوں کی جانب سے عمل میں لائے جا رہے منصوبوں میں مقررہ مدت کی خلاف ورزی پر تشویش ظاہر کی اور ہر منصوبے کے لیے واضح ٹائم لائن طلب کی۔ انہوں نے رائٹ آف وے اور جنگلاتی منظوریوں میں تاخیر پر بھی ناراضی ظاہر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ طریقۂ کار کو بہانہ بنا کر عوامی منصوبوں کو التوا میں نہ ڈالا جائے۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ سڑک رابطہ محض انفراسٹرکچر نہیں بلکہ عوامی سہولت، معیشت اور سلامتی سے جڑا ہوا معاملہ ہے، اس لیے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر عوام کو براہِ راست متاثر کرتی ہے۔
عوامی مفاد پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے این ایچ اے آئی اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کو ہدایت دی کہ جہاں سرنگوں اور بڑی شاہراہوں پر کام جاری ہے وہاں موجودہ سڑکوں کی حالت بہتر رکھی جائے تاکہ لوگوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر اعلیٰ نے تمام سڑک منصوبوں میں مؤثر نکاسیٔ آب کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناقص ڈرینج کی وجہ سے بارش کا پانی سڑکوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور منصوبوں کی عمر کم ہو جاتی ہے۔
اجلاس میں رواں مالی سال کے لیے کیپیٹل ایکسپنڈیچر اور مرکزی معاونت یافتہ اسکیموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں فنڈز کے مؤثر اور نتائج پر مبنی استعمال پر زور دیا گیا۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس، گاندھی نگر میں تزئین و آرائش شدہ کانفرنس ہال کا افتتاح کیا اور انجینئروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
اس سے پہلے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سیاحت اور جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن کے۲۰۲۶کے کیلنڈرز کی نقاب کشائی کی۔
ان کیلنڈرز میں جموں و کشمیر کے نمایاں سیاحتی مقامات اور سیاحت سے وابستہ بنیادی ڈھانچے کو اجاگر کیا گیا ہے۔ متعلقہ محکموں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے اقدامات جموں و کشمیر کی سیاحتی صلاحیت کے فروغ اور وسیع تشہیر میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’یہ کیلنڈرز محض سالانہ اشاعتیں نہیں بلکہ جموں و کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور ترقی پذیر سیاحتی ڈھانچے کی بصری داستان ہیں‘‘۔
اسی موقع پر وزیر اعلیٰ نے ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر کی سرکاری ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔ یہ پورٹل سیاحتی تقاریب اور مقامات کی تشہیر، ڈیجیٹل آرکائیوز کی دیکھ بھال اور جموں و کشمیر میں سیاحت سے متعلق جامع معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ میں جموں ٹورازم، جے کے ٹی ڈی سی، جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے مفید لنکس بھی شامل کیے گئے ہیں، تاکہ تمام ضروری معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مؤثر رابطہ کاری کے لیے جدید اور متحرک ڈیجیٹل موجودگی ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا’’ ٹورازم کشمیر ویب سائٹ معلوماتی ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے ایک جامع، سنگل ونڈو پلیٹ فارم ثابت ہوگی‘‘۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گلمرگ اور سونمرگ میں انٹیگریٹڈ اسکیئنگ کورس کا بھی افتتاح کیا، جس میں بالترتیب۳۲؍اور۲۵تربیت حاصل کرنے والے شامل ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ بنیادی اسکیئنگ کورس کی مدت۱۴دن ہے اور یہ۱۲سے۱۸برس کی عمر کے تربیت یافتگان کے لیے مخصوص ہے۔
اس تقریب میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ایم ایل اے زڈی بل تنویرب صادق، چیف سیکرٹری اٹل ڈولو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت آشیش چندر ورما، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سید قمر سجاد (جو منیجنگ ڈائریکٹر جے کے سی سی سی بھی ہیں)، ڈائریکٹر ٹورازم جموں ڈاکٹر وکاس گپتا، منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن شریا سنگھل اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔










