سرینگر/۲۴دسمبر
منشیات کے خلاف اپنی مسلسل اور سخت مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے سری نگر میں ایک بدنام زمانہ منشیات اسمگلر کی۳کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کرلی۔
ضبط شدہ املاک میں دو منزلہ رہائشی مکان، دو منزلہ شاپنگ کمپلیکس اور ایک کنال چار مرلہ اراضی شامل ہے ۔
پولیس کے مطابق یہ جائیداد اعجاز احمد میر ولد مرحوم علی احمد ساکن پالپورہ نورباغ کی ملکیت ہے ، جو پولیس اسٹیشن صفا کدل میں درج کیس ایف آئی آر نمبر۲۰۲۲/۲۰۱زیر دفعات۲۱/۸؍این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث ہے ۔
حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی۔ تفتیش کے دوران یہ ثابت ہوا کہ ملزم نے یہ جائیداد منشیات فروشی سے حاصل ہونے والی کالے دھن کی رقم سے بنائی تھی، جس کے تحت سیکشن ۶۸؍ایف کے مطابق ضبطی عمل میں لائی گئی۔
یہ کارروائی ایک مجاز ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں مکمل کی گئی اور تمام قانونی تقاضوں کی سختی سے پاسداری کی گئی۔ ضبطی آرڈر کے مطابق جائیداد کے مالک کو مکمل پابندی کے ساتھ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں یہ جائیداد نہ بیچ سکتا ہے ، نہ لیز پر دے سکتا ہے ، نہ منتقل کرسکتا ہے اور نہ ہی کسی تیسرے فریق کے نام کوئی حق قائم کرسکتا ہے ، جب تک مزید احکامات صادر نہیں ہوتے ۔
جموں و کشمیر پولیس نے کہا کہ وہ معاشرے سے منشیات کی لعنت ختم کرنے اور اسمگلروں کے مالی نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے پُرعزم ہے ۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف اس جنگ میں تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی مصدقہ معلومات فراہم کرکے سماج کو اس آفت سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ایجنسیز










