سرینگر/۲۹نومبر
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں شعبہ سیاحت کے دوام کیلئے برف باری سب سے بڑا رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سال رواں سیاحت کے لئے مشکل رہا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی سیاحت کیلئے حکومت نے تمام تیاریاں کی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
عمرعبداللہ نے کہا’’جہاں بھی بزنس ٹو بزنس سرگرمیاں ہوتی ہیں تو شعبہ سیاحت سے جڑے لوگوں کو اس کا فائدہ پہنچتا ہے ‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ تشہیر اور مارکیٹنگ سیاحت کی ترقی میں سب سے اہم رول ادا کرتی ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا’’یہ سال سیاحت کیلئے مشکل رہا، چاہئے وہ پہلگام واقعہ ہو یا دلی دھماکہ یا نوگام دھماکہ ان واقعات نے سیاحت کو متاثر کر دیا‘‘۔
برف باری کو سیاحوں کی آمد میں اضافے کا شرط قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ برف باری ہونے سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا۔
عمرعبداللہ کا کہنا تھا’’نومبر کا مہینہ خشک رہا، اب دسمبر میں برف باری کی امید ہے ، برف باری ہوگی تو سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا‘‘۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے موسم سرما کی سیاحت کے لئے تمام تیاریاں کی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود سیاح پہلگام آ رہے ہیں اور امید ہے کہ کرسمس اور سال نو کے موقع پر سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
ویب ڈیسک










