لکھنؤ:5 نومبر(یواین آئی)اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ میں مافیا سے آزاد کرائی گئی زمین پر سردار ولبھ بھائی پٹیل رہائشی اسکیم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لیے ایک تنبیہ ہے جو مافیا کی معاونت کرتے ہیں، ان کی قبروں پر فاتحہ پڑھتے ہیں، اور غریبوں کا استحصال کرواتے ہیں۔ اب یوپی میں ایسا نہیں چلے گا۔ ہم نے 2017 میں ہی طے کر لیا تھا کہ یوپی کی شبیہ بدل کر رہیں گے ۔
جیامئو، ڈالی باغ میں واقع ایکتا ون میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں یوگی نے کمزور آمدنی والے طبقے کے 72 خاندانوں کو فلیٹ الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ یہ صرف گھروں کی تقسیم نہیں، بلکہ یہ پیغام ہے کہ مافیا سے چھینی گئی زمین پر غریبوں کا آشیانہ بنے گا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اگر کوئی غریبوں کی زمین پر قبضہ کرے گا، اگر کوئی عوامی زمین پر غیر قانونی قبضہ کرکے سماج کو ڈرانے دھمکانے کا کام کرے گا، تو اسے لینے کے دینے پڑ جائیں گے ۔ یہ حکومت عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہی نئے ہندوستان اور نئے اتر پردیش کی پہچان ہے ، جہاں ترقی کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایت کا سنگم ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے لوگوں کو کارتک پورنیما کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج لاکھوں عقیدت مند گڑھمکتیشور، ٹکڑی، سکھتیرتھ، بدایوں، پریاگ راج، کاشی اور اجودھیا میں اشنان کر کے پنیہ کما رہے ہیں۔ کاشی میں شام کو دیو دیوالی پر دیوتا چراغ جلائیں گے ۔
یوگی نے کہا کہ اس مقدس موقع پر لکھنؤ میں مافیا سے آزاد کرائی گئی زمین پر مستحقین کو گھر دینا خوش قسمتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پرائم لوکیشن پر لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے یہ فلیٹ 10.70 لاکھ روپے میں دیے ہیں، جس کی بازار میں قیمت تقریباً ایک کروڑ روپے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 8000 درخواستوں میں سے 5700 درخواستیں اہل لوگوں کی تھیں، جن میں سے 72 کو پہلی الاٹمنٹ ملی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے تمام 72 مستحقین کو گھر کی سہولت ملنے پر انہیں اور ان کے خاندانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو اب سر اٹھا کر باوقار زندگی گزارنے کا موقع ملا ہے ۔ جب یہ وزیر اعظم آواس یوجنا کے تحت آئے گا تو یہ اور بھی سستا اور سود مند ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج لکھنؤ میں کتنا خوبصورت ماحول بنا ہے ، کتنے اچھے پارک تیار ہو چکے ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ ہر شہری خوشحالی سے اپنی زندگی گزارے اور ریاست کی ترقی میں شریک ہو۔ یوگی نے کہا کہ یہ تو صرف شروعات ہے ، اب یہ مہم پورے صوبے میں بڑے پیمانے پر چلائی جائے گی تاکہ ہر غریب اور ہر ضرورت مند کو اس کا باوقار گھر مل سکے ۔
مافیا پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر زور دیتے ہوئے سی ایم یوگی نے کہا کہ 2017 میں ہی یہ طے کیا تھا کہ یوپی کی منفی شبیہ بدلیں گے ۔ جرم اور مجرموں پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی نافذ کریں گے ۔ ساڑھے آٹھ برسوں میں بغیر رکے ، بغیر جھکے مافیا پر کارروائی کی۔
انہوں نے کہا کہ مافیا آئین کی توہین کرتے تھے ، قانون کا مذاق اڑاتے تھے ، اور افسران بھی ان کے سامنے جھک جاتے تھے ۔ یہی نہیں، سابقہ حکومتیں بھی ایسے مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق سے مغرب، شمال سے جنوب، بندیل کھنڈ کے علاقے اور ہر جگہ مافیا حاوی تھے ، لیکن آج ایسا نہیں ہے ۔
یوگی نے کہا کہ اتر پردیش کی زیرو ٹالرینس کی پالیسی نے ان مافیاؤں کی کمر توڑ دی ہے ۔ انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جو مافیا کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں، وہ ریاست کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ظالم مافیا کسی کے نہیں ہیں، ان سے غریب،استحصال زدہ، تاجر، بہنیں اور بیٹیاں سبھی غیر محفوظ ہیں۔ حکومت ایسے مافیاؤں اور انہیں پناہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کرتی رہے گی۔ اپوزیشن پر سخت حملہ کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ جو لوگ مافیا کی معاونت کرتے تھے اور غریبوں کا استحصال کرواتے تھے ، آج ان کی قبروں پر فاتحہ پڑھتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج مافیا کے قبضے والی جائیداد ضبط کر کے غریبوں کے لیے گھر بنوائے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت کی کامیابیوں کو گنواتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اب تک 60 لاکھ غریبوں کو گھر دیے گئے ہیں۔ یوگی نے کہا کہ یوپی لامحدود صلاحیتوں والا صوبہ ہے ۔ فسادات ختم ہوئے اور آج ہر تہوار پر امن طریقے سے منایا جا رہا ہے ۔ دنیا بھر سے کاروباری سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکتا ون سردار پٹیل کو سب سے بڑی خراج عقیدت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مرد آہن سردار پٹیل کی زندگی اتحاد، ایمانداری اور عوامی خدمت کی ترغیب دیتی ہے ۔ ریاست کے تمام 75 اضلاع میں "سردار ولبھ بھائی پٹیل ایمپلائمنٹ سینٹر” کھولا جائے گا۔ کلسٹر تیار کر کے نوجوانوں کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ کی جائے گی اور انہیں مقامی سطح پر روزگار فراہم کرایا جائے گا۔ تاکہ نوجوان روزی روٹی کی تلاش میں باہر نہ جائیں۔








