ہمارا آپ کو ایک مشورہ ہے… بالکل مفت لیکن مفید مشورہ ہے اور … اور وہ یہ ہے کہ آپ ایک ہفتے تک ٹی وی دیکھنا چھوڑ دیں… ہمارا مطلب ہے کہ ٹی وی پر ڈرامے دیکھنا چھوڑ دیں کہ… کہ اپنے اس شہر خستہ میں بھی ہفتہ دس دن تک ڈرامہ شروع ہونے والا ہے… آج سے ہی شروع ہو نے والا ہے… اور ماضی اگر کوئی حقیقت رکھتا ہے تو… تو ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں…ضمانت دیتے ہیں کہ آپ اس ڈرامے سے محظوظ ہوں گے… اس قدر محظوظ کہ اللہ میاں کی قسم آپ کو کسی اور ڈرامے … ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے میں کوئی دلچسپی نہیں رہے گی… ان آٹھ دس دنوں تک آپ کو ان ڈراموں کی کوئی کمی محسوس نہیں ہو گی… یہ ہمارا آپ سے وعدہ ہے… سیاستدانوں والا وعدہ نہیں بلکہ سچا وعدہ ہے… ہاں آپ نے یہ کرنا ہے کہ ٹی وی کے ڈراموں کو اس دوران دیکھنا بند کرنا ہو گا کیوں کہ … کہ آج سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس میں ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامے دیکھنے کو ملیں گے… جن میں سسپنس ہو گا‘ سازش بھی ہو گی ‘ تلخ کلامی بھی ہو گی ‘ ہنگامہ آرائی بھی ہو گی… ہیرو بھی ہو گا اور ولن بھی ہو گا… ہاں کوئی ہیرائن ہو گی… اس کی ہم کوئی ضمانت نہیں دے سکتے ہیں… بالکل بھی نہیں دے سکتے ہیں …لیکن ہم نے اور ہاں آپ نے بھی ایسے کئی ڈرامے دیکھیں ہوں گے جن میں کوئی ہیرائن نہیں تھی لیکن پھر بھی وہ ڈرامے آپ کو اچھے لگے …آپ انہیں دیکھ کر محظوظ ہو ئے… اور آج سے بھی یہی سب کچھ ہونے والا ہے… سو فیصد ہو نے والا ہے … ہاں اس ڈرامے کا جو سب سے دکھی بات یہ ہو گی کہ… کہ اپوزیشن اور حکمران جماعت کی اداکاری میں بے چارے لوگوںکی آواز دب کے رہ جائیگی … وہ کسی کو سنائی نہیں دے گی … ان کی کوئی بات نہیں ہو گی… یا تو اپوزیشن کو بات کرنے نہیں دی جائیگی یا پھر حکومت بات ہونے نہیں دے گی… اور اللہ میاں کی قسم یہ بات ہمیں … یا یہ ایک بات ہمیں اچھی نہیں لگتی ہے… بالکل بھی نہیں لگتی ہے… اس کے علاوہ باقی سب کچھ اچھا… ہمیں اچھا نہیں بلکہ بہت اچھا لگتا ہے… ہمیں امید ہے کہ آپ کو بھی اچھالگے گا… بس اپنا ریموٹ … ٹی وی ریموٹ کو کچھ دنوں کیلئے ڈراموں سے دور تو رکھ لیجئے ۔ ہے نا؟



