سرینگر/۶؍اکتوبر
جموں کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف جاری اپنی مہم کے دوران گاندربل، بڈگام اور پلوامہ میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے نشہ آور مواد برآمد کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس نے ہندواڑہ میں منشیات کے اڈوں پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے ۔
پولیس کے مطابق گاندربل میں ریاض احمد خان ولد محمد اشرف خان کو اولڈ اکھل پل کے نزدیک گشت کے دوران مشکوک حالت میں روکا گیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے چرس نما مادہ برآمد ہوا جس کے بعد اس کے خلاف کیس درج کیا گیا۔
بڈگام پولیس نے گوری پورہ کے نزدیک فیا ض احمد شیخ ولد عبد الرحمن شیخ ساکن بینڈگام کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے پانچ گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔
اسی طرح پلوامہ میں، پولیس کی ایک ٹیم نے سرکولر روڈ کے نزدیک پائر کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص نثار احمد گنائی ولد عبد الاحد گنائی ساکن ٹہاب کو گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے ایک بیگ میں چھ کلوگرام چرس نما مادہ برآمد کیا گیا۔ تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
دریں اثنا، پولیس نے ہندواڑہ میں مختلف مقامات پر منشیات کے اڈوں پر خصوصی چھاپے مارے ۔ یہ کارروائیاں سینئر افسران کی نگرانی میں انجام دی گئیں اور ان میں ایسے مقامات کو نشانہ بنایا گیا جو منشیات کی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہورہے تھے ۔
ادھر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن کنگن کی ایک ٹیم نے معمول کی گشت کے دوران اولڈ اکھال پل کے قریب ایک شخص کو مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے دیکھا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔ملزم کی شناخت ریاض احمد خان ولد محمد اشرف خان ساکن پرن کنہ مولہ اکھال کے طور پر ہوئی ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کنگن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر۲۰۲۵/۶۷ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
دریں اثناپولیس نے جموں میں ایک خاتون منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن باہو فورٹ نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج ایف آئی آر زیر نمبر۲۷۵۲۰۲۵میں ایک اور ملزمہ کو منشیات کے ساتھ گذشتہ روابط ہونے کے الزام میں گرفتار کیا۔
ترجمان نے کہا کہ قبل ازیں۱۶ستمبر۲۰۲۵کو ملزمہ پنکی زوجہ وکاس ساکن راجیو نگر نروال بوٹ پالش محلہ جموں کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے قبضے سے۱۹گرام ہیروئن جیسا مواد بر آمد کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران پنکی نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ نشہ آور مواد شیوانی زوجہ امان ساکن راجیو نگر نروال بوٹ پالش محلہ جموں سے حاصل کیا تھا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس کے انکشاف پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس پوسٹ نروال کی ایک ٹیم نے نائب تحصلیدار باہو فورٹ کے ہمراہ مذکورہ خاتون کے گھر کی تلاشی لی۔
ترجمان نے کہا کہ اس دوران۱۶گرام ہیروئن جیسا مواد بر آمد کیا گیا جو قانونی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس معاشرے سے منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ایجنسیز










