نئی دہلی//
صدارتی انتخابات کیلئے داخل کئے گئے۱۱۵پرچہ نامزدگیوں میں سے صرف دو امیدوار قومی جمہوری اتحاد کے دروپدی مرمو اور مشترکہ اپوزیشن امیدوار یشونت سنہا کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ہیں۔
راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل اور صدارتی انتخابات کے ریٹرننگ آفیسر‘ پی سی مودی نے جمعرات کو کہا کہ صدارتی انتخابات کے لیے نامزدگی داخل کرنے کا عمل ۱۵جون کو شروع ہوا تھا اور نامزدگیوں کے آخری دن۲۹ جون تک کل ۱۱۵کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے تھے ۔
مودی نے کہا کہ آج کاغذات نامزدگی کی جانچ کے بعد صرف دو امیدواروں محترمہ مرمو اور مسٹر سنہا کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ہیں اور دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مختلف کوتاہیوں کی وجہ سے مسترد کردیئے گئے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ انتخابی شیڈول کے مطابق ناموں کی واپسی۲جولائی کی سہ پہر ۳بجے تک کی جا سکتی ہے ۔ اس کے بعد صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر ووٹنگ۱۸جولائی کو ہو گی اور ووٹوں کی گنتی۲۱جولائی کو ہو گی۔
انتخابات کے لیے داخل کیے گئے کل ۱۱۵کاغذات نامزدگی میں سے ۲۸کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت مسترد کر دیے گئے ۔ یہ کاغذات نامزدگی صدر اور نائب صدر ایکٹ ۱۹۵۲کے سیکشن ۵بی(۴) کے تحت مسترد کیے گئے تھے ۔
باقی۸۷کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں سے۷۹کاغذات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیے گئے ۔ محترمہ مرمو اور مسٹر سنہا دونوں نے پرچہ نامزدگی کے چار سیٹ داخل کیے تھے ۔
صدارتی انتخابات کے لیے۱۶ ریاستوں اور قومی راجدھانی دہلی سے کل۱۱۵کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے تھے ۔