نہیں جانتے ہیں اور بالکل بھی نہیں جانتے ہیں کہ … کہ گرمائی تعطیلات میں توسیع ہو گی یا نہیں… یہ بھی نہیں معلوم کہ… کہ ان تعطیلات میں کوئی توسیع ہونی چاہئے بھی یا نہیں… لیکن ایک بات جو ہم جانتے ہیں اور مانتے بھی ہیں وہ یہ ہے کہ ہمیں غور کرنا چاہئے … سرتوڑ… معاف کیجئے سر جوڑ کر ہمیں غور کرنا چاہئے کہ کہیں ہمیں تعطیلات کے کلینڈر میں کوئی تبدیلی … انقلابی تبدیلی تو نہیں کرنی پڑے گی ؟وہ کیا ہے کہ کشمیر میں اب سر ما… سرما نہیں رہا … نہیں صاحب ہم چلہ کلان کی حقیقت سے انکاری نہیں ہیں… ہم یہ بھی نہیں کہہ رہے ہیں کہ سرما میں ٹھنڈ نہیں ہو تی ہے… ٹھنڈ ہو تی ہے… اور سو فیصد ہو تی ہے… ہم صرف اتنا کہنا چاہتے ہیں کہ… کہ گرما… کشمیر میں موسم گرما اب جتنا گرما گرم ہو تا ہے … کشمیر میں سرما اتنا ٹھنڈا نہیں ہوتا ہے… اب نہیں ہو تا ہے…کشمیر میں سرما ہمیں بے چین نہیں کرتا ‘ وہ ہمیں بے قرار نہیں کرتا ہے… وہ ہمیں تکلیف نہیںد یتا ہے… لیکن… لیکن اس کے برعکس گرما ہمیں بے چین کرتا ہے‘ بے قرار بھی کرتا ہے… یہ ہمیں ترساتا ہے… تڑپاتا بھی … گھر سے نکلنا محال ہوجاتا ہے…خود کو گھر کی چار دیواریوں تک محدود رکھنے کا جی کرتا ہے… سرما میں ایسا کچھ نہیں ہو تا ہے… گھر کے اندر بھی مزے اور باہر جانے میں بھی لطف تو… تو صاحب کہنے کا مطلب ہے … کہ ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ … کہ کہیں ہمیں تعطیلات کا کلینڈر تبدیل تو نہیں کرنا پڑے گا… یعنی گرما میں جو دس پندرہ دنوں کی تعطیلات ہو تی ہیں… وہ دس پندرہ دنوں کی تعطیلات ہم سرما کیلئے رکھیں … صرف دس پندرہ دنوں کی تعطیلات اور… اور سرما میں جو دو تین ماہ کی چھٹیاں ہو تی ہیں… وہ چھٹیاں گرما کے گرما گرم موسم کیلئے مخصوص رکھیں اور… اور جون ‘ جولائی اور اگست میں تعلیمی ادارے بند رکھیں کہ …کہ اب کی بار گرما کے جو تیور ہیں آپ کو لگتا ہے کہ اگلے ہفتے جب تعلیمی ادارے کھل جائیں گے تو… تو اس کے یہ تیور بدلیں گے… یقینا نہیں بدلیں گے کہ… کہ ابھی تو صاحب جولائی کی شروعات ہے… اتبداء ہے ‘پھر اگست بھی ہے … اس لئے صاحب غور کیجئے گا… سرتوڑ… معاف کیجئے سرجوڑ کر غور کیجئے گا ۔ ہے نا؟