جموں//
جموں میں پولیس اور سول انتظامیہ نے ہفتے کے روز ایک منشیات فروش کی سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ تین دکانوں کو مسمار کر دیا۔ یہ کارروائی ‘آپریشن کلین اپ’ کے تحت انجام دی گئی ہے ۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (جموں ساؤتھ) اجے شرما نے بتایا کہ مذکورہ منشیات فروش کی شناخت محمد صدیق عرف گتھا کے طور پر ہوئی ہے ، جو نکی توی کے بیلی چرنا علاقے کا رہائشی ہے ۔ اس کے خلاف حال ہی میں گاندھی نگر تھانے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جب کہ اس سے قبل بھی اس کے خلاف بکشی نگر پولیس اسٹیشن میں منشیات سے متعلق ایک کیس درج ہو چکا ہے ۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ محمد صدیق نے منشیات فروشی سے حاصل شدہ کالے دھن کے ذریعے سرکاری زمین پر غیر قانونی تعمیرات کھڑی کی تھیں۔ اس کے بعد محکمہ مال سے رجوع کیا گیا تاکہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت اس جائیداد کی ضبطی کا عمل شروع کیا جا سکے ۔
تاہم، ریونیو حکام نے بتایا کہ یہ دکانیں دراصل ریاستی زمین پر ناجائز قبضے کے تحت تعمیر کی گئی تھیں۔ چنانچہ پولیس اور سول انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ان دکانوں کو مسمار کر دیا اور ریاستی زمین کو بازیاب کرایا۔
اس مہم کی قیادت کرنے والے ایس پی اجے شرما نے مقامی لوگوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا، ‘منشیات ایک سنگین بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے ، اور اس لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے ۔’ انہوں نے کہا کہ پولیس اکیلے یہ جنگ نہیں جیت سکتی، اس میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
جموں پولیس نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے حاصل شدہ جائیدادوں کے خلاف ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ منشیات کے گھناؤنے کاروبار کو ختم کیا جا سکے ۔
دریں اثنا منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے خانصاحب علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد اور نقدی رقم بر آمد کی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن خانصاحب کی ایک ٹیم نے دریہ گام علاقے میں معمول کی گشت کے دوران ایک مشکوک شخص، جس نے ایک بیگ اٹھا رکھا تھا، کو دیکھا جس نے پولیس کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے۱۴کلو۷۵۵گرام پوست کا بھوسا جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جبکہ اس کی تحویل سے۱۸ہزار۶سو۴۰روپے نقدی بھی بر آمد کئے گئے ۔
بیان کے مطابق انہوں نے اپنی شناخت غلام رسول بیگ ولد محمد عبداللہ بیگ ساکن دریہ گام کے طور پر کی۔
ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن خانصاحب میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بڈگام پولیس منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔
اس دوران جموں پولیس نے پولیس اسٹیشن باغ بہو میں۴مشتبہ منشیات فروشوں کے خلاف مقدمے درج کئے جبکہ امن عامہ کو خراب کرنے کے الزام میں۷دیگر افراد کے خلاف پولیس اسٹیشن چنی ہمت میں مقدمے درج کئے گئے ۔
یہ کارروائیاں ایس ایس پی جموں کی نگرانی میں منشیات کی لعنت کو روکنے اور خطے میں امن برقرار رکھنے کے لیے انجام دی گئیں۔
ایک پولیس ترجمان میں اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن باغ بہو نے بی این ایس ایس کی دفعات۱۲۸/۳۹کے تحت چار مشتبہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی انجام دی۔
ترجمان نے کہا کہ قانونی کارروائی کے بعد چاروں مشتبہ افراد کے خلاف مقدمے درج کئے گئے اور ان کو گرفتار کیا گیا۔
بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت مونو ولد رام تلک ساکن ہریانہ حال باوا بہو فورٹ جموں، پون کمار ولد راج سنگھ ساکن روہتک ہریانہ حال باوا بہو فورٹ جموں، رویند رکمار ولد موہندر سبگھ ساکن باوا بہو فورٹ جموں اور اشونی سلاتھیہ ولد رسل چند ساکن ہائوس نمبر۴۸، باوا بہو فورٹ جموں کے طور پر کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کی کارروائیوں کا ایک حصہ ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں پولیس اسٹیشن چنی ہمت نے بی این ایس ایس کے دفعات۱۲۶؍اور۱۳۶کے تحت سات افراد کے خلاف مقدمے درج کئے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد کو ایگزیکیٹو مجسٹریٹ بہو جموں کے سامنے پیش کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امن عامہ کو لاحق خطرات کے جواب میں انجام دی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ جموں پولیس خطے میں امن و سلامتی کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔










